کلکتہ:مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کانگریسی وفد کی اچانک وزیر اعظم سے ملاقات کے فیصلے کی وجہ سے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد میں پیدا دراڑ کو ختم کرنے کیلئے کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی کو مشورہ دیا ہے کہ دسمبر کے اخیر میں تمام اپوزیشن جماعتوں کی میٹنگ کرکے اعتماد سازی کریں ۔
ذرائع کے مطابق ممتا بنرجی نے راہل گاندھی تک یہ بات پہنچائی ہے کہ یہ خبر گرم ہے کہ کانگریس اور بی جے پی کے درمیان ساز باز ہوگئی ہے ۔
بی جے پی نوٹ بندی کے خلاف متحداپوزیشن کی صف انتشار پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔
خیال رہے کہ راہل گاندھی کی قیادت میں ایک وفد نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی تھی اورانہیں کسانوں کا قرض معاف کرنے کیلئے میمورنڈم دیا تھا۔
ترنمول کانگریس کے لیڈر نے کہا کہ نوٹ بندی کی وجہ سے ملک کے عوام کو شدید نقصانات کا سامنا ہے ، مالی بحران ہے ، سو کے قریب افراد کی موت ہوگی ہے ۔ایسے میں اپوزیشن میں انتشار سے غلط پیغام جائے گا ۔اپوزیشن کو چاہیے کہ اس نوٹ بندی کے خلاف مسلسل تحریک چلائے ۔
خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نوٹ منسوخی کے بعد سے ہی مرکزی حکومت کے خلاف تحریک چلارہی ہیں اور اس کیلئے وہ تمام اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنے کی کوشش بھی کی ہے ۔
انہوں نے اپنی سب سے بڑی حریف جماعت سی پی آئی ایم کے جنرل سیکریٹری سیتارام یچوری سے فون پر بات کرکے مشترکہ تحریک کی دعوت دی تھی ۔