ممبئی۔ہندوستانی اداکار ارشد وارثی کا کہنا ہے کہ سنجے دت کے بغیر وہ منابھائی میں کام نہیں کریں گے۔ ان کے مطابق سنجے دت کے بغیر فلم نا مکمل ہے۔منا بھائی سیریز کی گزشتہ فلم ’’لگے رہو منا بھائی‘‘ سنہ دو ہزار چھ میں ریلیز ہوئی تھی اور اس کے بعد سے اس سیریز کی تیسری فلم کے بارے میں مسلسل قیاس آرائیاں جاری ہیں لیکن کسی نہ کسی وجہ سے معاملہ ٹلتا رہا۔ پہلے فلم کے ڈائریکٹر راجکمار ہیرانی ’’تھری ایڈیٹس‘‘ اور پھر ’’پی کے‘‘ فلموں میں مصروف ہو گئے اور پھر فلم کے لیڈ ایکٹر سنجے دت کو سنہ انیس سو ترانوے ممبئی بم دھماکے سے متعلق ایک معاملے میں جیل جانا پڑا جس سے فلم میں تاخیر ہوتی چلی گئی۔ ارشد وارثی نے کہا ’’جولی ایل ایل بی‘‘ کے ہدایت کار سبھاش کپور ’’منا بھائی 3‘‘ کی سکرپٹ پر کام کر رہے ہیں۔ جب تک ان کی سکرپٹ پوری ہوگی تب تک سنجے دت بھی جیل سے باہر آ جائیں گے۔