لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ سماج وادی پارٹی نے الزام عائد کیا ہے کہ مخالف پارٹیاں پوری طرح سے منفی رویہ اختیار کر رہی ہیں ان کو جمہوری اقدار و روایات میںیقین نہیں ہے۔ سماج وادی پارٹی کے ترجمان راجندر چودھری نے کہا کہ اکھلیش یادو کی قیادت میں سماج وادی پارٹی کی حکومت اور اس کی سرگرمیوں پر سوالیہ نشان لگانے میں مخالف پارٹیاں ذرا برابر ہچک نہیں محسوس کرتی ہیں جبکہ پانچ برس کے انتخابی وعدوں میں سے اکثر و بیشتر دو سال کے اندر ہی پورے کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے سیفئی مہوتسو اور پارلیمانی وفد کے بیرون ملک سفر پر مخالف پارٹیوں کے بیان کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملہ میں دوہرامعیار اختیار کر رہی ہیں۔ سماج وادی پارٹی کے ترجمان نے کہا کہ پارلیمانی وفد کا بیرون ملک جانا کوئی انوکھا قدم نہیں ہے۔ اس وفد میں بی جے پی اور راشٹریہ لوک دل کے اراکین بھی شامل ہیں۔ مسٹر چودھری نے کہا کہ سیفئی مہوتسو کے سلسلہ میں مخالف پارٹیاں رسی کو سانپ بتاکر عوام کو گمراہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مہوتسو کے ذریعہ فنون لطیفہ اور کھیل کود کو فروغ مل رہا ہے۔ ان شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات کو اعزاز و اکرام سے نوازا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سیفئی مہوتسو اور پارلیمانی وفد کے بیرون ملک سفر کو مظفرنگر سے جوڑنا اچھی بات نہیں ہے۔ انہوں نے
بتایا کہ حکومت نے فساد زدگان کو ۹۰ کروڑ روپئے تقسیم کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے مفاد میں ہر طرح سے اقدامات کئے گئے ہیں اس کے باوجود حزب اختلاف بے بنیاد بیان بازی کر رہی ہے۔