نئی دہلی: کانگریس نے ہریانہ کے وزیر اعلی منوھرلال کھٹر کی طرف سے بیف کھانے والوں پر دیئے گئے بیان پر سخت اعتراض کرتے ہوئے آج کہا کہ بی جے پی کے لیڈ ر کا یہ بیان ہندوستانی جمہوریت کے لئے انتہائی افسوسناک ہے ۔ کانگریس شعبہ رابطہ عامہ کے سربراہ رندیپ سنگھ سورجے والا نے کہا کہ ‘آج کا دن ہندوستانی جمہوریت کے لئے کافی افسوسناک دن ہے ۔ بی جے پی کے وزیر اعلی منوہر لال کھٹر اب شہریوں کے ملک میں رہنے کے معیار اور اہلیت کا تعین کریں گے ۔ کیا مودی جی کا یہی نیا انتظامی ماڈل ہے ؟ مسٹر سورجے والا نے کہا کہ منتخب وزیر اعلی ملک کی شہریت کی شرائط طے نہیں کر سکتے ۔ وہ یہ فیصلہ نہیں کر سکتے کہ کون کیا کھائے گا اور کیا پیئے گا۔ واضح ر ہے کہ بی جے پی کی زیر اقتدار ریاست ہریانہ کے وزیر اعلی منوہر لال کھٹر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مسلمان ہندوستان میں رہ سکتے ہیں لیکن انہیں اس کے لئے بیف کھانا چھوڑنا پڑے گا۔