مکہ مکرمہ کی وادیِ منیٰ میں شیطان کو کنکریاں مارنے کے دوران بھگدڑ سے سعودی عرب نے سات سو سترہ حجاج کی شہادت کی تصدیق کی ہے اور اس افسوس ناک کے سانحے کے ایک روز بعد مختلف ممالک نے اپنے اپنے شہید اور زخمی حاجیوں کے اعداد وشمار جاری کیے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھگدڑ کے واقعے میں مراکش اور ایران کا سب سے زیادہ جانی نقصان ہوا ہے۔مراکش کے ستاسی اور ایران کے ایک سو اکتیس حاجی شہید ہوئے ہیں۔ایران کے محکمہ حج کا کہنا ہے کہ بھگدڑ سے ساٹھ ایرانی زخمی ہوئے ہیں۔اس لیے جان کی بازی ہارنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
مختلف ممالک کے میڈیا ذرائع اور خارجہ امور کی وزارتوں نے جمعہ کو اپنے اپنے شہید حاجیوں کی تعداد جاری کی ہے۔اس کے مطابق مصر کے آٹھ ،الجزائر کے تین ،صومالیہ کے آٹھ ،ایران کے ایک سو اکتیس ،پاکستان کے سات ،مراکش کے ستاسی ،بھارت کے چودہ ،انڈونیشیا اور کینیا کے تین،تین ،نیدر لینڈز کا ایک ،سینی گال کے پانچ ،برونڈی کا ایک،ترکی کے چار اور تنزانیہ کے پانچ حاجی شہید ہوئے ہیں۔