امروہہ: اترپردیش کے ضلع امروہہ کی پولیس نے موبائل فون پر فحش بات کرنے اور دھمکی دینے کے الزام مین دو نوجوانوں کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا۔پولیس کے ترجمان کے مطابق اسکول میں پڑھنے والی ایک لڑکی اور پرنسپل راکھی یادو نے کئی دنوں سے الگ الگ موبائل نمبر سے کسی نامعلوم شخص کی جانب سے فحش بات کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکی دینے کے معاملے کی پولیس سپرنٹنڈنٹ سے شکایت کی۔ اس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے سرویلانس ٹیم اور امروہہ دیہات پولیس نے کل رات نئے بس اسٹیشن کے پاس سے روہت اور انکت نامی نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔ دونوں نے اعتراف جرم کرلیا ہے ۔گرفتار شدگان کے پاس سے تین موبائل فون اور چھ سم کارڈ برآمدہوئے ۔ برآمد سم جعلی آئی ڈی سے خریدی گئی تھیں۔ یہ لوگ جعلی آئی ڈی سے خریدی گئی سم کے ذریعہ لڑکیوں کو پریشان کرنے کے علاوہ دیگر جرائم میں بھی ملوث تھے ۔ معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے ۔