کانپور (نامہ نگار)کانپور دیہات ضلع کی اکبر پور پارلیمانی نشست آئندہ تین دن سیاسی پارٹیوں کی ریلیوں اور اہم لیڈران کے نام ہیں۔یہاں پر بی جے پی وزیر اعظم عہدہ کے امیدوار نریندر مودی،سماجوادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو،وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو،سینئر کابینی وزیر شیولال یادو کی آمد متوقع ہے۔کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی پارلیمانی نشست میں جلسہ کو خطاب کرچکے ہیں جبکہ بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی کانپور میں ہی اکبر پور کے امیدوا کی حمایت میں جلسہ کو خطاب کریں گے۔واضح رہے کہ اکبر پور پارلیمانی نشست پر ۲۴؍اپریل اور کانپور شہر پارلیمانی نشست پر ۳۰؍اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اسی لئے تمام سیاسی پارٹیوں کی توجہ اکبر پور نشست پر مرکوز ہے۔ اکبر پور پارلیمانی نشست پر موجودہ رکن پارلیمنٹ راجا رام پال انتخابی میدان میں ہیں۔ بی جے پی نے اترپردیش کے سابق وزیر دیویندر سنگھ بھولے کو
،بی ایس پی نے انل شکلا وارسی کو سماجوادی پارٹی نے لال سنگھ تومر کو اور عام آدمی پارٹی نے اروند کٹیار کو امیدوار بنایا ہے۔ اکبر پور پارلیمانی نشست پر موجودہ رکن پارلیمنٹ ،کانگریس کے راجا رام پال کی حمایت میں کانگریس نائب صدر راہل گاندھی نے ۱۱؍اپریل کو عوامی جلسہ سے خطاب کیا تھا۔ بی جے پی دفتر سے موصولہ اطلاع کے مطابق پارٹی کے امیدوار دیویندر سنگھ بھولے کی حمایت میں پارٹی کے وزیر اعظم عہدہ کے امیدوار نریندر مودی ۱۸؍اپریل کو نوبستہ کے ہنس پورم میں آرہے ہیں۔اسی روز ۱۸؍اپریل کو نوبستہ کے ریس کورس میدان میں وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو، سماجوادی پارٹی کے امیدوار لال سنگھ تومر کی حمایت میں انتخابی جلسہ کو خطاب کریں گے۔ سماجوادی پارٹی حکومت کے سینئر وزیر شیوپال سنگھ یادو ۱۹؍اپریل کو اکبر پور کے بٹھور اسمبلی حلقہ میں ریلی کو خطاب کریں گے جبکہ پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو اکبر پور رنیا میں لال سنگھ تومر کی حمایت میں عوام سے ووٹ مانگیں گے۔بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی ۱۷؍اپریل کو کانپور کے ریل بازار میدان میں آرہی ہیں۔ مایاوتی اکبر پور سے پارٹی امیدوار انل شکلا اور کانپور شہر کے امیدوار سلیم احمد کی حمایت میں عوامی جلسہ کو خطاب کریں گی۔اکبر پور پارلیمانی نشست کا کچھ حصہ کانپور شہر کے تحت آتاہے اس لئے ضلع وپولس انتظامیہ نے سخت حفاظتی انتظامات کرلئے گئے ہیں۔ مذکورہ نشست پر ۲۴؍اپریل کو ووٹنگ ہوگی۔