لکھنؤ،15 جنوری(یواین آئی)
بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی)نے مرکز کی نریندر مودی حکومت کے خلاف جارحانہ رویہ اپناتے ہوئے آج کہاکہ اچھے دنوں کا وعدہ کرکے اقتدار حاصل کرنے والے عوام کے مفادات کو نظرانداز کررہے ہیں۔بی ایس پی کی صدر مایاوتی نے آج یہاں اپنے 59ویں جنم دن پر منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ مرکز کی قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے )حکومت محض سرمایہ داروں کو فائدہ پہنچانے اور ملک میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس)ایجنڈے کو نافذ کرنے کے لئے کام کررہی ہے ۔ مودی حکومت کو غریب عوام سے کوئی مطلب نہیں ہے ۔محترمہ مایاوتی نے کہاکہ اقلیتوں اور غریبوں کے تئیں مرکزی حکومت نفرت، فرقہ وارانہ سوچ کے تحت کام کررہی ہے ۔ اس لئے یہ حکومت ضرورت مندوں کو نظرانداز کررہی ہے ۔