لکھنؤ(نامہ نگار)۔مودی حکومت کے مرکزی وزیر چھوٹی آبپاشی اور اوسط صنعت و بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابق مرکزی نائب صدر کلراج مشرا نے کہا کہ مودی حکومت عوام کی امیدوں پر کھری اترے گی ۔ حکومت کا کام اب تک قابل ستائش رہا ہے ۔ ملک کے عوام اسے قبول کر رہے ہیں ۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ ہریانہ و مہاراشٹر میں بی جے پی کو شاندار فتح ملی ۔ کلراج مشرا ریاستی بی جے پی دفتر میں صحافیوں کے سات
ھ بات چیت کررہے تھے ۔ کلراج مشرا نے کہا کہ اترپردیش میں روزگار کے مواقع مہیا کرائے جائیں گے ۔ اس سمت میں کوششیں جاری ہیں ۔ بی جے پی حکومت نے جو وعدہ نوجوانوں سے کیا ہے وہ پورا کیا جائے گا ۔ لیکن فکر کی بات یہ ہے کہ مرکزی حکومت جو بھی اسکیمیں چلاتی ہے اس پر صحیح نافذ العمل ہونا چاہئے ۔ اتر پردیش اس معاملہ میں پیچھے جارہا ہے ۔ وزیر اعظم کی جن دھن اسکیم کو ریاست میں مناسب نمائندگی نہیں مل رہی ہے ۔ اس اسکیم کی مخالفت کی جارہی ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے صفائی مہم کی شروعات کی اس مہم کو تعاون کرنے کے بجائے سماجوادی حکومت اس کا مذاق اڑا رہی ہے ۔ یہ ملک کے عوام دیکھ رہے ہیں ۔ سماجوادی حکومت کو آنے والے دنوںمیں اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اترپردیش میں سماجوادی پارٹی کی حکومت نظم و نسق میں پوری طرح ناکام ہوگئی ہے اس کا اثر ریاست میں سرمایہ کاری پر پڑ رہا ہے ۔سرمایہ کار اترپردیش میں خراب نظام کے سبب یہاں پر صنعت لگانے میں ہچکچاہٹ محسوس کر رہے ہیں ۔ یہی حال بجلی بندو بست کا ہے ۔ اس میں بھی ریاستی حکومت کی لاپروائی صاف دکھ رہی ہے ۔ مودی حکومت کی ستائش کرتے ہوئے کلراج نے کہا کہ مودی حکومت نے مہنگائی جیسے معاملے میں مثبت قدم اٹھائے ہیں ۔ مہنگائی کا تناسب نیچے گرا ہے ۔ ملک اسے قبول کررہا ہے ۔ ڈیزل و پٹرول کی قیمت عوام کی کمر توڑ رہی تھی وہ بھی پٹری پر آگئی ہے ۔ مودی حکومت مفاد عامہ کے کاموں کے لئے پر عزم ہے ۔