نئی دہلی، 21 مئی (یو این آئی) اچھے دن کے نعرے کے ساتھ واضح اکثریت سے اقتدار میں آئے قومی جمہوری اتحاد(این ڈی اے ) نے مرکز میں ایک سال مکمل کرنے کے بعد آج دو نئے نعرے دئے ۔ ‘سال ایک۔شروعات انیک‘ اور ‘مودی سرکار۔ وکاس لگاتار’۔کیمیکلس اور فرٹیلائزر کے مرکزی وزیر اننت کمار نے یہاں ایک ٹیلی ویزن چینل کے پروگرام میں مودی حکومت کے ایک سال کے کام کاج پر سوالوں کے جواب میں کہا کہ حکومت کو عوام کی امنگوں کے سلسلے میں کوئی خوف نہیں ہے ۔ ایک سال کے دوران جن دھن یوجنا، جیون جیوتی بیمہ یوجنا، اٹل پنشن یوجنا اور سرکشا بیمہ یوجنا کے ذریعہ سے کروڑوں لوگوں کو سوشل سیکورٹی فراہم کرنے کی پہل کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کے لئے آفت راحت اسکیم میں تبدیلی کی گئی ہے ۔اس طرح نریندر مودی حکومت غریبوں، متاثرین ، پسماندہ اور محروم طبقات کے بار ے میں سوچنے والی سرکار ہے ۔یہ پوچھے جانے پر کہ امیدوں کی لہروں پر سوار ہوکر بنی مودی حکومت ایک سال کے کام کوعوام کے سامنے کس طرح پیش کرے گی اور کیا انہیں عوام کی امنگوں سے خوف نہیں آتا ۔ مسٹر
کمار نے کہا کہ حکومت کو عوام کی امنگوں سے ڈر نہیں لگتا ہے ۔ ایک سال میں انہیں امنگوں کی تکمیل کے لئے کام شروع ہوا ہے ۔اسی لئے اس کا نیا نعرہ ہے سال ایک۔ شروعات انیک ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ہم بتانا چاہتے ہیں کہ حکومت نے کئی محاذوں پر کام شروع کیا ہے ۔
سوشل سیکورٹی اسکیموں کے لئے شروع کئے گئے جن دھن بینک کھاتوں میں سے ستر فیصد کھاتوں میں کوئی پیسہ نہیں ہونیکے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پندرہ کروڑ نئے کھاتوں کے ذریعہ سے 1500کروڑ روپے آگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے رپورٹوں میں کہا جاتا تھا کہ ملک کے دیہی علاقوں میں صرف 26 فیصد مالیاتی شمولیت ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اسے صد فیصد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جن دھن یوجنا کے ذریعہ دیہی آبادی کو مالی شمو لیت کے دائرے میں لانے کا پلیٹ فارم تیار ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مودی چاہتے ہیں کہ حکومت کے خزانے میں ایک روپیہ میں سے نوے پیسہ عوام تک ضرور پہونچے ۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ ملک میں بہت سی اسکیمیں بنی ہیں لیکن کس طرح سے ملک میں حقیقی ضرورت مند لوگوں تک پہونچے اس کے لئے ٹھوس پہل ہوئی ہے ۔تعلیم اور صحت جیسی اسکیموں کے لئے بجٹ میں کٹوتی کئے جانے کے بار ے میں پوچھے جانے پر مسٹر کمار نے بتایا کہ اس سلسلے میں لوگوں کو گمراہ کیا گیا ہے ۔ دراصل ہوا یہ ہے کہ پہلے مرکز سے ریاستوں میں منصوبوں کے نام پر مقررہ رقم بھیجی جاتی تھی اور ریاستیں شکایت کرتی تھیں کہ ہمیں اپنی مرضی سے پیسے خرچ کرنے کا حق ملنا چاہئے ۔ انہوں نے بتایا کہ مودی حکومت نے چودہویں مالیاتی کمیشن کی سفارشات کو تسلیم کرتے ہوئے ریاستوں کو اب پورا پیسہ اپنی ضرورتوں کے مطابق خرچ کرنے کا حق دے دیا ہے ۔ اس لئے تعلیم اور صحت کی اسکیموں پر ریاستوں کے پاس خرچ کرنے کے لئے اب زیادہ پیسہ دستیاب ہے ۔
ایک سوال کے جواب میں مسٹر کمار نے واضح کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا اعتماد ٹیم انڈیا میں ہے اور وہ مانتے ہیں کہ ریاستوں کی ترقی ہوگی تو ملک بھی آگے بڑھے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ مودی حکومت کرناٹک اور مغربی بنگال کی حکومتوِں کو بھی ترقی کے لئے مدد دے گی کیوں کہ یہ مدد کانگریس یا ترنمول کانگریس کو نہیں بلکہ ان ریاستوں کے عوام کے لئے ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت ملک میں ٹھوس حصولیابی چاہتی ہے ۔ اس ایک سال میں اسی کے لئے راستہ ہموار کیا گیا ہے اور ملک اسی سمت میں آگے بڑھے گا۔اسی لئے ایک اور نعرہ دیا گیا ہے کہ مودی سرکار۔ وکاس لگاتار۔کانگریس کے ذریعہ مودی حکومت کو سوٹ بوٹ کی سرکار کہے جانے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں مسٹر کمار نے جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سب لوگ جانتے ہیں کہ محترمہ سونیا گاندھی اور مسٹرراہل گاندھی نے دس سال جھوٹ ۔ لوٹ کی سرکار چلائی ہے ۔