نئی دہلی، 21 اپریل (یو این آئی) کانگریس کے سرکردہ لیڈر اور ٹیلی مواصلات کے مرکزی وزیر کپل سبل نے دعوی کیا ہے کہ بھارتیہ جنتاپارٹی کے وزارت عظمی کے امیدوار نریندر مودی قتل کے تین کیسوں میں امکانی ملزم ہیں۔مسٹر سبل نے آج یہاں سہراب الدین، کوثر بی اور تلسی رام پرجاپتی کیس سے متعلق مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی فردِ جرم کے اقتباسات کو تقسیم کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ مسٹر مودی مندرجہ بالاتینوں مقتولین کے کیس میں ممکنہ ملزم ہیں۔وزیر موصوف نے دعوی کیا کہ مسٹر مودی کے دستِ راست امت شاہ اور ان کے ایک افسر پراگ شاہ ان تمام افسران سے مستقل رابطے میں تھے جنہوں نے ان افراد کے قتل کی سازش رچی تھی۔واضح
رہے کہ مسٹر پراگ شاہ 2003 سے 2008 کے درمیان وزیراعلی گجرات کے دفتر میں خصوصی ڈیوٹی پر مامور افسر تھے۔ مسٹر کپل سبل نے مزید دعوی کیا کہ مسٹر مودی اور مسٹر شاہ کے خلاف بہت ہی مضبوط واقعاتی شہادتیں موجود ہیں۔ مسٹر سبل نے حیرت ظاہر کی کہ آخر ان دونوں افراد کو ابھی تک گرفتار کیوں نہیں کیا گیا ہے۔