چنڈی گڑھ: وزیر اعظم نریندر مودی نے امریکہ میں 9/11حملے کی 14 ویں برسی پر آج ہلاک شدگان کو خراج عقیدت پیش کیا۔مسٹر مودی نے یہاں پوسٹ گریجویٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ (پی جی آئی ایم ای آر) کی 34 ویں تقسیم اسناد تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کرتے ہوئے کہا ‘آج 11 ستمبر ہے ، ایک ایسا دن جب بہت سارے افراد ہلاک ہوگئے تھے ’۔واضح رہے کہ 11 ستمبر 2001 کو القاعدہ کے دہشت گردوں نے امریکہ میں حملے کیلئے چار مسافر طیاروں کو اغوا کیا تھا جن میں سے دو ورلڈ ٹریڈ سنٹر کے دو ٹاوروں سے ٹکرائے گئے تھے ، جبکہ ایک سے امریکی محکمہ دفاع ‘پنٹاگن’ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی، جو پنٹاگن کے پاس جا گرا تھا۔ چوتھا طیارہ فلائٹ 93 پنسلوینیا میں حادثہ کا شکار ہوا، جس سے طیارہ کے تمام 40 مسافر ہلاک ہوگئے تھے ۔ اس حملے میں تقریباً تین ہزار لوگوں نے اپنی جان گنوائی تھی۔ انہوں نے کہاکہ اس دہشت گردانہ حملے کے سبب یہ ایک دن سیاہ باب بن گیا لیکن تاریخ میں یہ دن ایک خوشی کا پیغام بھی لے کر آیا تھا، جب 1893 مین آج ہی کے دن سوامی وویکانند امریکہ گئے اور وہاں عالمی مذہبی جلسہ سے خطاب کیا۔ مسٹر مودی نے کہا ‘مذہبی اجلاس میں سوامی وویکانند کا ‘امریکی لوگوں کو ‘بہنو اور بھائیو ’کہہ کر کئے خطاب نے وہاں موجود لوگوں کو خوش کردیا تھا’۔