نئی دہلی،25اپریل (یو این آئی)وزیر اعظم نریند ر مودی نے آج پہلی مرتبہ دہلی میٹرو میں سفر کرنے کا تجربہ کیا۔سفر کے بعد انہوں نے کہا کہ ‘مزہ آگیا’۔دہلی میٹرو ریل کارپوریشن سے یواین آئی کو موصولہ اطلاع کے مطابق وزیر اعظم مسٹر مودی نے آج ایئر پورٹ ایکسپریس لائن پر سفر کیا۔ مسٹر مودی اپنے سفر کے دوران دھولہ کنواں سے جنوب مغربی دہلی کے دوارکااسٹیشن تک گئے ۔ڈی ایم آر سی نے بتایا کہ مسٹر مودی کے ہمراہ نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر اجیت ڈووال بھی تھے ۔وزیر اعظم دھولہ کنواں ایئر پورٹ ایکسپریس وے پر 09بجکر 55منٹ پر سوار ہوئے اور 10بجکر 10منٹ پر وہ دوارکا پہنچ گئے ۔اپنے سفر کے بعد انہوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ دہلی میٹر و کو خواب سے حقیقت تک پہونچانے والے مسٹر سری دھرن نے ان سے کئی بار دہلی میٹرو میں سفر کا تجربہ حاصل کرنے کے لئے کہا تھا لیکن موقع نہ مل پانے کی وجہ سے وہ ایسا نہیں کرپائے ۔ آج انہوں نے واقعی اس سفر کا مزہ لیا ہے اور انہیں کافی خوشی ہوئی ہے ۔دہلی میٹرو کا بہت بہت شکریہ اور مسٹر سری دھرن کا بھی بہت بہت شکریہ۔واضح رہے کہ مسٹر مودی کا یہ میٹرو کا پہلا سفر تھا۔ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم ایک میٹنگ میں شرکت کے لئے جارہے تھے اور انہوں نے اس سفرکے لئے دہلی میٹرو کا انتخاب کیا۔انہوں نے سیکورٹی وجوہات کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا تھا۔