نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے شمالی مشرقی ریاستوں میں آج علی الصبح آئے زلزلے کے جھٹکے کے بعد وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کو بچاؤ اور راحت کاری کا معائنہ کرنے کو کہا۔
مسٹر مودی نے ٹوئٹ کرکے کہا ‘‘ راج ناتھ جی ، آسام میں زلزلے کی وجہ سے صورتحال سنگین ہورہی ہے اور راحت اور بچاؤ کاری کے سلسلے میں ہمیں تفصیلات بتائیں’’۔اس سے قبل وزیر اعظم کے دفتر نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ فورس (این ڈی آّر ایف) کو زلزلہ زدہ علاقوں میں جانے کی ہدایت دی۔ زلزلے کا مرکز منی پور میں تامنلونگ میں تھا۔ مسٹر مودی نے انہیں منی پور ، اروناچل پردیش اور آسام کے وزیر اعلٰی سے بات چیت کرکے متاثرہ علاقوں کی تفصیلات حاصل کرنے کو کہا۔
وزیر اعظم کے دفتر نے ٹوئٹ کرکے کہا ‘‘وزیر اعظم شمال مشرقی علاقوں میں آئے زلزلے میں مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔وزیراعظم مودی کی منی پور کے وزیر اعلی اوکرام ایبوبی سنگھ سے فون پر بات ہوئی ہے ۔ دونوں کے درمیان منی پور اور شمال مشرقی ریاستوں میں زلزلے کے بعد کی صورتحال پر بات چیت ہوئی’’۔وزیر اعظم نے اروناچل پردیش کے وزیر اعلی نابام ٹوکی سے بھی زلزلے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اس سلسلے میں آسام کے وزیر اعلی ترون گوگوئی سے بھی بات چیت کی۔