نئی دہلی: دہلی پولیس کمشنر بھیم سین بسی نے آج کہا کہ بیوی کے ساتھ گھریلو تشدد کے معاملے میں ملزم دہلی کے سابق وزیر قانون سومناتھ بھارتی کو پولیس کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے ۔وزیر اعلی اروند کیجریوال کے مسٹر بھارتی کو پولیس کے سامنے خودسپردگی کرنے کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے مسٹر بسی نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ وہ (مسٹر بھارتی) قانون کی مدد کریں اور قانون سے بھاگیں نہیں۔ مسٹر بھارتی قانون کی عزت کریں اور پولیس کے ساتھ پوچھ گچھ میں تعاون کرنے کے لئے خودسپردگی کریں۔ مسٹر بھارتی کا بھاگنا ٹھیک نہیں ہے ۔یہ پوچھے جانے پر کہ پولیس مسٹر بھارتی کا پتہ لگانے کے لئے کیا کر رہی ہے ، پولیس کمشنر نے کہا کہ جو کرنا ہے وہ فی الحال کر رہے ہیں اور جب کامیابی ملے گی تو اس کی اطلاع دے دی جائے گی۔دہلی ہائی کورٹ کی طرف سے مسٹر بھارتی کی کل پیشگی ضمانت کی درخواست مسترد کئے جانے کے فوراً بعد پولیس نے ان کی گرفتاری کے لئے گھر اور دفتر پر دبش دی تھی لیکن وہ نہیں ملے ۔ پولیس نے مسٹر بھارتی کی گرفتاری کے لئے ان کے بھائی اور بہن کو کل تھانہ بلایا تھا۔ ان کی بڑی بہن نے بتایا کہ پولیس نے مسٹر بھارتی کے بارے میں معلومات کے لئے بلایا تھا کہ وہ کہاں ہیں اور آج بھی تھانہ جانا ہے ۔ پولیس نے ان کے نجی سکریٹری گرندر سنگھ کو بھی بلا کر مسٹر بھارتی کے بارے میں معلومات طلب کی تھی۔