نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ مبینہ طور پر کیرل کے وزیر اعلی اومن چانڈی کو بے عزت کرنے اور پنجاب حکومت کو برخاست کرنے کے مطالبہ پرکانگریسی رہنماوں نے پارٹی کے نائب صدر راہل گاندھی کی قیادت میں آج یہاں پارلیمنٹ ہاوس احاطہ میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمہ کے پاس مظاہرہ کیا۔
مسٹر گاندھی نے الزام لگایا کہ مسٹر مودی نے مسٹر چانڈی کو ایک پروگرام میں شرکت سے روک کر ان کی توہین کی ہے ۔ کانگریس کا الزام ہے کہ وزیر اعظم نے مسٹر چانڈی کو کولم میں سابق وزیر اعلی آر شنکر کے مجسمہ کی نقاب کشائی پروگرام سے دور رہنے کے لئے کہا ہے ۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ مسٹر مودی نے ایسا کرکے نہ صرف اپنے عہدے کا وقار مجروح کیا ہے بلکہ ایک منتخب وزیر اعلی کی توہین بھی کی ہے ۔
اس مظاہرہ میں راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد کانگریس کے جنرل سکریٹری دگ وجے سنگھ سمیت کئی رہنما موجود تھے ۔
مسٹر گاندھی نے کہا کہ پنجاب میں بے قصور لوگوں کا قتل عام کیا جارہا ہے اور وہاں قانون و انتظام کی صورت حال بدتر ہوچکی ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے آر ایس ایس پر کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ آسام دورے پر وہ ایک مندر میں جانا چاہتے تھے لیکن آر ایس ایس کے لوگوں نے انہیں جانے نہیں دیا۔
اس سے قبل عام آدمی پارٹی اور ترنمول کانگریس نے بھی دہلی کے شکور بستی علاقے میں پانچ سو جھگیوں کو ہٹانے کے خلاف مہاتما گاندھی کے مجسمہ کے سامنے دھرنا دیا ۔ وہ ہاتھوں میں تختیاں لئے ہوئے تھے جن پر حکومت مخالف نعرے لکھے تھے ۔