نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی نے چین کے قومی دن کے موقع پر وہاں کے لوگوں کو مبارک باد دی ہے ۔مسٹر مودی نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا، “ میں چین کے لوگوں کو ان کے قومی دن پر نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ہندوستان اور چین کے درمیان برسوں سے مضبوط تعلقات ہیں۔ دونوں ملک مل کر اس دنیا کو مزید بہتر بنا سکتے ہیں۔ہندوستان اور چین کی ترقی میں ایشیائی صدی کا خواب پورا کرنے کے زبردست مواقع ہیں۔ صدر زی جن پنگ کے ستمبر 2014 کے ہندوستان دورے اور میرے مئی 2015 کے چین دورے نے ہندوستان چین کے درمیان شراکت داری کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔مسٹر مودی نے کہا “ صدر زی اور وزیر اعظم لی کے ساتھ بات چیت کی یادیں اب بھی میرے ذہن میں تازہ ہیں”۔مسٹر مودی نے کہا، “میں نے پہلے بین الاقوامی یوم یوگا پر آپ لوگوں کے جوش و جذبے اور شرکت کے لئے آپ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ مجھے پورا یقین ہے آنے والے دنوں میں ہمارے تعلقات اور مضبوط ہوں گے ۔ ہماری یہی خواہش ہے انسانیت کو فلاح اور لوگوں کی ترقی کے لئے دونوں ملک آگے بھی مل کر کام کرتے رہیں”۔