فرخ آباد۔ (یو این آئی) ۔وزیر خارجہ اور کانگریس کے ترجمان سلمان خورشید نے آج کہا کہ نریندر مودی وزیر اعظم کی کرسی صرف خوابوں میں دیکھیں۔ حقیقت میں وہ جہاں ہیں وہیں رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے بعد حقیقت سامنے آجائے گی۔ نریندر مودی اقتدار میں نہیں آرہے ہیں۔اس لئے ان کے بارے میں فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ وزیر خارجہ نے کامپل قصبہ میں منعقدہ ایک انتخابی جلسہ میں بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پر بدعنوانی کا الزام عائد کرنے والے لوگ کیا جادو کی چھڑی چلائیں گے اور ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ ہوجائے گا۔ اروند کیجریوال کو طمانچہ رسید کرنے کے
واقعہ پر مسٹر خورشید نے کہاکہ سیاست میں تشدد کے لئے کوئی جگہ نہیں ہونی چاہئے اور ان کے ساتھ یکے بعد دیگرے تشدد کے واقعات پیش آنا درست نہیں ہے ۔ ایسے واقعات کی مذمت ہونی چاہئے جو ہرگز قابل قبول نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی کی سمادھی پر کیجریوال کے جانے کا مطلب یہ رہا ہوگا کہ وہ تشدد کی مخالفت کرنے اور عدم تشدد کے پیغام پر زور دینا چاہتے ہوں۔