لکھنؤ(نامہ نگار)معروف مزاحیہ اداکار جگدیپ نے ملک میں مودی لہر ہونے سے انکار کیاہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ملک میں اس وقت کیجریوال کی آندھی چل رہی ہے۔ راجدھانی کے نرالہ نگر واقع ایک ہوٹل میں عام آدمی پارٹی کے امیدوار اور اپنے بیٹے جاوید جعفری کی انتخابی مہم میںآئے جگدیپ نے بی جے پی کے وزیراعظم عہدے کے امیدوار نریندر مودی کو نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ مودی کس قسم کے آدمی ہیں سمجھ میں نہیں آتا، وہ قوم کے نہیں ہوئے، اپنی بیوی کے نہیں ہوئے۔راج ناتھ سنگھ کو نشانہ بناتے ہوئے انہوںنے کہا کہ راج ناتھ سنگھ نے گذشتہ پانچ برسوں میں غازی آباد میںکچھ نہیں کیاتو وہ اب لکھنؤ میںکیا کریںگے۔ انہوں نے جاوید جعفری کے لکھنؤ سے الیکشن لڑنے پر مسلم ووٹوں کے پولیرائزیشن کے سوال پر کہا کہ ان کا بیٹا یہاں سے کثیر ووٹوں سے جیت درج کرائے گا۔ اس موقع پر جاوید جعفری نے مودی لہر کو نظرا نداز کرتے ہوئے کہا کہ لہریں تو اٹھتی ہیں اور ساحل سے ٹکرا کر ختم ہوجاتی ہیں۔ ہمیں لہر نہیں سمندر بننا ہے۔ عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال کے لکھنؤ نہ آنے کے سوال پر مسٹر جعفری نے کہا کہ ہر انسان اپنے اپنے شعبہ میں جنگ لڑ رہا ہے۔ ہمارے رہنما کے پاس اتنے پیسے نہیں ہیں کہ وہ ہیلی کاپٹر سے آجا سکے۔ وہ آئیں یا نہ آئیں ہمارا مقصد یہ ہے کہ ہم عام آدمی کیلئے کام کریں اور وہ ہو رہا ہے۔ ہم نے کوئی ایسا حلف نامہ نہیںداخل کیا تھا کہ ان کے آئے بغیر یہ الیکشن نہیں ہوگا انہیں وقت ملتا ہے تو وہ ضرور آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ جیت جائیںگے تو سال کے چھ مہینے اپنے پارلیمانی حلقہ لکھنؤ میںر ہیں گے اور بقیہ چھ مہینے گھر چلانے کیلئے اپنے پیشے سے وابستہ رہیںگے۔ اگر الیکشن میں شکست ہو گئی تو بھی وہ یہاں سے رشتہ ختم نہیں کریں گے۔
اس موقع پر اداکارہ ارچنا پورن سنگھ سے عاپ کے ساتھ پر دریافت کیا گیاتو انہوں نے کہا کہ ہم سب عام آدمی ہیں اور اروند کیجریوال کو دیکھ کر دل میں خدمت کاجذبہ پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ بی جے پی اور کانگریس بدعنوان ہیں۔ ارچنا کہتی ہیں کہ انہیںسمجھ میں نہیں آتا ہے کہ وہ ہندوستان ملک کہاں گیا جس کیلئے بھگت سنگھ نے جان دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے کتنے عرصہ سے جھوٹے وعدے کئے گئے ہم سب اس بندوبست میں طویل عرصے سے ٹھگے جا رہے ہیں ہمیں ایک بار اپنے اندر جھانک کر دیکھنا چاہئے کہ ہم نے سب کو موقع دیاکیا ایک باراروند کیجریوال کو موقع نہیں دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہاں اپنی مرضی سے آئی ہیں کسی کے بلانے پر نہیں آئی ہیں۔
اداکار ایوب خان نے بھی کہا کہ وہ یہاں اپنی مرضی سے آئے ہیں اس سے قبل وہ ممبئی میں متعدد عاپ امیدواروں کی حمایت میں انتخابی مہم چلا چکے ہیں۔ ٹی وی اداکار اور ایم ٹی وی روڈیز سے شہرت حاصل کر چکے رگھورام کو بھی جاوید جعفری کی انتخابی مہم پر صفائی دینا پڑی۔ انہوں نے بھی کہا کہ وہ یہاں کسی کے بلانے پر نہیں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دو ایم ٹی وی روڈیزکے سیشن میں کوئی گالی نہیں دی ہے اس کی وجہ اروند کیجریوال ہیں میں جب سے اروند اور کمار وشواس کے ساتھ آیا ہوں تب سے میں نے گالی نہیں بکی ہے۔ مجھے محسوس ہوا کہ جو آدمی رگھو کی اصلاح کر سکتا ہے وہ ملک کی بھی اصلاح کر سکتاہے اس لئے میں اروند کیجریوال کے ساتھ ہوں۔ اس موقع پر وشال، ناوید اور روبینہ سلیم وغیرہ بھی موجود تھیں۔