لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ راشٹریہ نشاد سنگھ کے قومی سکریٹری و سماجوادی پارٹی کے لیڈر چودھری لوٹن رام نشاد نے کہاکہ نریندر مودی حکومت کے چھ ماہ گزر گئے لیکن ترقی کا کام صرف ان کی تقریروں میں ہے۔ زمین پر اترتا نہیں دکھ رہا ہے اور نہ دکھائی دے گا۔ مسٹر مودی بھولے بھالے عوام کو محض ترقیات کا راستہ ہی دکھائیںگے وہ صرف غیر ملکی دورہ و سیاحت کرکے پیڈ میڈیا کے ذریعہ جھوٹی واہ واہی لوٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آسٹریلیا دورہ پر مودی کے جلسوںمیں جو بھیڑ جمع ہوئی تھی اس کابندوبست نریندر مودی و امت شاہ کے قریبی سرمایہ دار اڈانی نے کیا تھا۔ اڈانی کی کوئلہ کمپنیوں میں کام کرنے والے ملازمین و مزدور مودی کے جلسوںمیں اکٹھا کئے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت ایف ڈی آئی نجکاری کی مانگ کے ذریعہ پسماندہ، دلتوں ، آ
دی واسیوں کا ریزرویشن ختم کرنے کا سابقہ کی طرح سازش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ خاتون ریزرویشن کے ذریعہ بی جے پی مقننہ میں پسما ندہ طبقہ کو پیچھے کر کے منوادی حکومت قائم کرنے کا خاکہ تیار کرنے کی کوشش کرے گی جس سے پسماندہ دلتوں کو بیدار رہنے کی ضرورت ہے۔
مسٹر نشاد نے کہا کہ راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ پچھڑوں، دلتوں کوگمراہ کرنے کی اسکیم بنا رہی ہے جسے کامیاب ہونے نہیں دیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب پچھڑے ، دلت جگنو و کیڑے مکوڑے نہیںہیں جو آر ایس ایس جیسی خطرناک شمع کے پاس جھلس کر مر جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ ۱۴؍دسمبر کو رائے بریلی واقع فیروز گاندھی ڈگری کالج میں آل انڈیا بیک ورڈ ایمپلائز فیڈریشن کے زیر اہتمام پچھڑوں، دلتوں، اقلیتی طبقہ کے افسروں، ملازمین و دانشوروں کا قومی اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں حکمت عملی طے کر کے ایس سی ایس ٹی کی طرح پسماندہ طبقہ کی رائے شماری کراکر ریزرویشن کے مطالبہ کو لیکر جنگی پیمانے پر تحریک چلائی جائے گی۔