نئی دہلی، 16 اگست (یو این آئی) یوم آزادی کے موقع پر کل لال قلعہ کی فصیل سے قوم سے خطاب کے دوران ملک میں جاری دو اہم مسائل فرقہ پرستی اور مہنگائی کے خلاف کچھ نہیں کہا گیا جو افسوسناک بات ہے۔ ہندوستانی مارکسی کمیونسٹ پارٹی (سی پی آئی۔ ایم) کی پولٹ بیورو کی سینئر رکن برندا کرات نے یو این آئی سے بات کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کے تمام لوگ جہاں
ایک طرف مہنگائی سے بری طرح پریشان ہیں، وہیں بعض ریاستوں میں روز بروز بگڑتے ہوئے فرقہ وارانہ ماحول سے لوگ بہت زیادہ خوفزدہ ہیں۔ لیکن ان دونوں مسائل کے حل کے سلسلے میں مسٹر مودی نے کچھ نہیں کہا جو قابل تشویش ہے۔ اقلیتوں کے سلسلے میں محترمہ کرات نے کہا کہ موجودہ لوک سبھا میں اقلیتوں خاص طور پر مسلمانوں کی نمائندگی سب سے کم ہے۔ حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی اپنی داخلی پالیسی کی وجہ سے لوک سبھا کے لئے منتخب اس کے 282 ممبران پارلیمنٹ میں سے ایک بھی مسلم نمائندہ نہیں ہے۔ اس لئے پارٹی کو ان کے اندر اعتماد پیدا کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔