متھرا: اترپردیش میں 2017 میں مجوزہ اسمبلی الیکشن کے لئے زمین تیار کرنے کی کوشش میں مصروف کانگریس نے آج وزیر اعظم نریندر مودی پر عوام کو دھوکہ دینے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ مسٹر مودی کی مقبولیت کا گراف جلد ہی تیزی سے گرے گا۔
کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے یہاں کانگریس کے علاقائی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے عوام سے جھوٹے وعدے کر کے انہیں دھوکہ دیا۔ عوام آنے والے الیکشن میں انہیں زمیں دکھائیں گے ۔ اب پارٹی کارکنوں کی ذمہ داری ہے کہ جب وہ نیچے آئیں تو ان کی جگہ کانگریس کو لانے کی کوشش کریں۔
کانگریس کے نائب صدر نے کہا کہ مسٹر مودی کی شخصیت کو عوام دھیرے دھیرے سمجھ رہے ہیں۔ الیکشن مہم کے دوران انہوں نے ہر کنبہ کے کھاتے میں 15 لاکھ روپئے پہنچانے کا وعدہ کیا تھا۔ اچھے دن لانے کی پرزور مہم چلائی گئی تھی۔ بی جے پی لیڈروں نے الیکشن جیتنے کے بعد اسے انتخابی جملہ قرار دیا۔
انہوں نے کہاکہ اچھے دن آنے کے بجائے کسان خودکشی کر رہے ہیں۔ نوجوانوں کو روزگار نہیں مل رہا ہے ۔ ریٹائرڈ فوجیوں کی یکساں عہدہ، یکساں پنشن بھی ابھی تک زیر التوا ہے ۔ مسٹر مودی جھوٹے وعدے کرنے میں ماہر ہیں۔ عوام انہیں سبق سکھائیں گے ۔