لکھیم پور کھیری (نامہ نگار)پارلیمانی انتخابات میں ریزرو یشن ، حفاظت اور اقتدار میں حصہ داری کے لئے سماجوادی پارٹی کو ووٹ دینے کی اپیل کی گئی۔پریس کانفرنس میں مذکورہ اپیل آل انڈیا دلت مسلم مورچہ کے قومی صدر صلاح الدین ایڈوکیٹ نے کی۔ انہوں نے کہا کہ یوپی اے حکومت بدعنوانی کے معاملات میں ملوث ہے اور ملک کو لوٹنے کی کوشش کررہی ہے۔ جبکہ این ڈی اے ملک کو تقسیم کرنے کی سازش کررہاہے۔ اس لئے ملک سے محبت کرنے والوں کو ترقی، امن، سیکولرزم اور بھائی چارہ کے لئے تیسرے محاذ کے امیدواروں کو ووٹ دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سماجوادی پارٹی کی حکومت ریاست میں جب بھی اقتدار میں آئی ہے اس نے مذہب ، ذات اور علاقائیت سے بالاتر ہوکر سماج کے کمزور طبقوں،پسماندہ اقلیتوں خاص طور سے ملسمانوں کے لئے ترقی کے راستے کھول دیئے ہیں اور سماج کے تمام طبقوں کو اقتدار میں حصہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی ہمہ جہت ترقی کے لئے ملک کو ملائم سنگھ کی ضرورت ہے۔ ملک کے مسلمان اور سیکولر فکر کے لوگ متحد ہوکر سماجوادی پارٹی کو ووٹ دیں تاکہ ملک کو منقسم ہونے سے بچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملائم سنگھ یادو وزیر اعظم بنیں
گے تو پارٹی مضبوط ہوگی اور ملک میں امن قائم ہوگا اور بدعنوانی کا خاتمہ ہوجائے گا۔ ملک میں خوشحالی آئے گی اور پورے ملک کے ساتھ ریاست کی ترقی بھی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کے وقت ملک کے مسلمانوں کو کبھی شاہ بانو ،بابری مسجد، مسلم پرسنل لاء ،میرٹھ، ملیانہ،ہاشم پورہ اور مظفر نگر جیسے معاملات میں ملوث کیا جاتاہے اور جذباتی نعرے دیکر انہیں خوف زدہ کیا جاتاہے۔ لیکن مخالف پارٹیاں مسلمانوں کی ترقی کے لئے کچھ نہیں کرتیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلمان اب بیدار ہوگئے ہیں اور انہیں ووٹ کے بدلے ترقی اور اقتدار میں حصہ داری کی ضرورت ہے۔مسٹر صلاح الدین نے کہا کہ سماجوادی پارٹی واحد ایسی پارٹی ہے جس نے اپنے دور حکومت میں سب سے زیادہ مسلم وزیر بنائے ہیں اور اردو کو روزگارسے وابستہ کرنے کے لئے اردو ٹیچروں اور مترجمین کی ترقی کی ۔ پولیس اور پی اے سی میں مسلمان نوجوانوں کو موقع دیا ہے۔ مسلم بچیوں کی شادی اور تعلیم کے لئے امداد، مدارس کو امداد دی گئی۔ اس کے علاوہ چیف سکریٹری ،ایڈوکیٹ جنرل اور ڈی جی پی جیسے اہم عہدوں پر مسلمانوں کی تقرری،دہشت گردی کے فرضی مقدمات میں بند بے گناہ مسلمانوں کے خلاف مقدمات واپس لینا اور اپنے دور حکومت میں بابری مسجد کو بچانے جیسے اہم کام انجام دیئے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی موجودہ مسلم نوازی سے مسلمانوں کو ہوشیار رہنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ اگر مسلمان اور سیکولرزم میں یقین رکھنے والے لوگ متحد ہوکر بنارس میں مودی کو شکست دے دیں اور بنارس کے ساتھ ساتھ ملک میں نئی صبح کا آغاز ہوگا۔پریس کانفرنس میں مورچہ کے قومی نائب صدر، انیس احمد خان، ریاستی سکریٹری انورعالم ایڈوکیٹ،امان الرحمان، ایس کے ضلع ترجمان چندن لال بالمیکی وغیرہ موجود تھے۔