وارانسی، 07 اپریل (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما نریندر مودی کے بھائی پرہلاد دامودر داس مودی نے پارٹی کے جنرل سکریٹری امت شاہ کا دفاع کرتے ہوئے آج کہا کہ ان کے بیان کا غلط مطلب نکالا جارہا ہے۔ مسٹر پرہلا د مودی نے کہا کہ مسٹر شاہ نے انتخابات میں بدلے کی بات کہی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ جو امیدوار عوام کی امیدوں پر کھرا نہ اترا ہو اسے ہرا دیا جائے۔ انتخابات میں بدلہ لینے کا مطلب مارپیٹ یا جھگڑے کرنا نہیں ہے۔ مسٹر شاہ کے بیان کو اس طرح پیش کیا گیا کہ جیسے وہ مارپیٹ کی بات کررہے ہوں۔انہوں نے کہا کہ یہ سب کو سمجھنا ہوگا کہ یہ بیان کس پس منظر میں دیا گیا ہے اور اس کا کیا مطلب ہے۔ ہر بیان کو سیاست سے نہیں جوڑا جانا چاہئے۔ مسٹر شاہ
کے خلاف درج رپورٹ کیلئے کسی مخصوص پارٹی کو ذمہ دار ٹھہرانے سے بچتے ہوئے مسٹر پرہلاد مودی نے کہا کہ اب تو مقدمہ درج ہو ہی گیا ہے۔ جانچ میں دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا۔ غورطلب ہے کہ مسٹر شاہ کے خلاف کل بجنور اور شاملی میں اشتعال انگیز بیان دینے کے الزام کے تحت تعزیرات ہند کی دفعہ 153 اے اور عوامی نمائندگی ایکٹ کی دفعہ 125 کے تحت مقدمہ درج ہوا ہے