ہردوئی (وارتا)بی جے پی کے وزیر اعظم عہدہ کے امیدوار نریندر مودی کو چائے والا کہہ کر سماجوادی پارٹی کے رکن اسمبلی
نے ایک اور متنازعہ بیان دیا۔ انہوں نے چائے پر گفتگو کرتے ہوئے مقبولیت حاصل کرنے کے سلسلہ میں نریندر مودی سے رائلٹی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ہردوئی کے یوگیش پیلیس میں اجلاس پر روک لگائے جانے کے بعد دانشور طبقہ کے نام سے سماجوادی پارٹی کی امیدوار اوشا ورما کی حمایت میں برہمن اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے راجیہ سبھا کے رکن نریش اگروال نے نریندر مودی کی چائے کے پروگرام پر تبصرہ کرتے ہوئے اپنے پرانے بیان کی یاد دہانی کراتے ہوئے کہا کہ نریش کی چائے برانڈیڈ چائے بن گئی ہے اور ان کی چائے کو نریندر مودی فروخت کررہے ہیں۔ اس لئے نریندر مودی کو انہیں رائلٹی دینی چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اشتہار کے لئے ہیروہیروئن بھی رائلٹی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اس لئے قاعدہ کے مطابق ان کی بیان کے بعد سے ہی مودی چائے فروخت کررہے ہیں تو اس کی رائلٹی ہردوئی اور انہیں ملنی چاہئے۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر مرلی منوہر جوشی اور راج ناتھ درمیان وارانسی نشست کے معاملے میں انہوں نے کہا کہ ابھی تو یہ شعلہ ہے اور جلد ہی آتش فشاں بن جائے گا۔ کیونکہ بی جے پی میں وزیر اعظم بننے کے لئے لوگوں کو بہت جلدی ہے۔ جبکہ انہیں عوام کی کوئی فکر نہیں ہے۔
مسٹر اگروال نے بی جے پی کو عوام کی پارٹی کے بجائے کرایہ کی پارٹی بتاتے ہوئے کہا کہ لوگ بی جے پی کی توبات کرتے ہیں لیکن اس کے اپنے ہی گھر میں امیدوار نہیں ہیں۔ اس لئے تمام نشستوں کے لئے کرایہ کے امیدوار تلاش کئے جارہے ہیں۔ کیونکہ کرایہ کے امیدوار وں پر جیتنے والی پارٹی کرایہ کی پارٹی ہوتی ہے عوام کی پارٹی نہیں ہوتی ہے۔