نئی دہلی : کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی کی اس بیان پر تنقید کی ہی جس میں انھوں نے آئرش بچوں کی طرف سنسکرت میں منتر پڑھ کر ان کا استقبال کرنے پر کہا تھا کہ اگر ہندوستان میں کسی تقریب میں سنسکرت منتروں کو پڑھاجاتا تو ان کے ‘سیکولرازم ’پر سوال کھڑے کئے جاتے ۔ وزیر اعظم کے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کانگریس کے میڈیا انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا “سیکولرازم پر وزیر اعظم کے ٹریک ریکارڈ کے بارے میں ہم سب کو معلوم ہے ”۔ انہوں نے کہا وزیر اعظم کو اس طرح کا تبصرہ کرنے کے بجائے یہ بتانا چاہیے تھا سنسکرت کو فروغ دینے کے لئے انسانی وسائل کی ترقی کی وزارت نے کیا قدم اٹھایا ہے ۔وزیر اعظم کے تبصرے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس لیڈر منیش تیواری نے کہا“مسٹر مودی کی یہ عادت بن گئی ہے کہ جب بھی وہ بیرون ملک دورے پر جاتے ہیں تو ہندوستان کا مذاق اڑاتے ہیں”۔ میں انھیں بتانا چاہوں گا کہ سیکولر صرف کانگریس ہی نہیں بلکہ ہمارے آئین میں بھی ہے ”۔