نئی دہلی۔ 15 اکتوبر (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی آئندہ ماہ تین کثیر فریقی بین الاقوامی پلیٹ فارم پر ہندوستان کی قیادت کریں گے جہاں انہیں 36 ممالک کے لیڈروں سے ذاتی طورپر ملاقات کرنے کا موقع ملے گا۔مسٹر مودی سب سے پہلے 11 اور 12 نومبر کو میانمار کی راجدھانی نیپیداؤ میں مشرقی ایشیا چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ اس کے بعد میانمار کے لیڈروں سے باہمی ملاقات کریں گے۔
اس ملاقات کے بعد وہ آسٹریلیا کے برسبن میں 15 اور 16 نومبر کو جی۔20 کی میٹنگ میں شریک ہوں گے۔ اسی ماہ کی 22 سے 27 تاریخ تک کٹھمنڈو میں جنوب ایشیائی تنظیم برائے علاقائی تعاون (سارک)کی کانفرنس ہوگی جس میں 27 نومبر کو سربراہان مملکت کی چوٹی میٹنگ ہوگی۔مشرقی ایشیا کا نفرنس میں مسٹر مودی کو امریکہ، چین، روس، جاپان، انڈونیشیا، ملیشیا، سنگاپور، جنوبی کوریا، نیوزی لینڈ، فلپائن، لاؤس، تھائی لینڈ، ویتنام، میانمار، کمبوڈیا اور برونئی سمیت 17 ممالک کے لیڈروں سے ملاقات کرنے کا موقع ملے گا۔
جی۔20 کانفرنس میں امریکہ، آسٹریلیا، چین، انڈونیشیا، جاپان، روس اور جنوبی کوریا کے ساتھ ساتھ ارجنٹینا ، برازیل، کناڈا، فرانس، جرمنی ، اٹلی ، میکسیکو، سعودی عرب ، جنوبی افریقہ، ترکی اور برطانیہ کے لیڈروں سے وزیراعظم کی ملاقات ممکن ہے۔ وہ ایک دن آسٹریلیا کے لیڈروں سے باہمی ملاقات کے ساتھ ساتھ غیرمقیم ہندوستانیوں اور تجارت و صنعت سے وابستہ لوگوں سے بھی ملاقات کریں گے۔
مسٹر مودی 27 نومبر کو کٹھمنڈو میں سارک سربراہان مملکت کی کانفرنس میں شرکت کریں گے جہاں پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف سے ان کی ملاقات کے امکانات پر سب کی نظر ہوگی۔ سارک چوٹی کانفرنس میں افغانستان کے نئے صدر اشرف غنی احمد زئی بھی آئیں گے۔ اس کے علاوہ بھوٹان، بنگلہ دیش ، سری لنکا اور مالدیپ کے لیڈر بھی اس میں شامل ہوں گے۔اس طرح سے مسٹر مودی تینوں پلیٹ فارم پر 36 مختلف ممالک کے لیڈروں سے ملاقات کریں گے۔