عراق کی عوامی رضاکارفورس نے کہا ہے کہ وہ موصل کی آزادی کی کارروائیوں میں ہر حال میں شریک ہوگی
عراق کی عوامی رضاکارفورس کے ترجمان کریم النوری نے ایران کی فارس نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عراق کے صوبہ نینوا کے صدرمقام موصل شہر کو داعش کے قبضے سے آزاد کرانے کی کارروائیوں میں عوامی رضاکارفورس کی شرکت یقینی ہے – انہوں نے کہا کہ جب تک عراق کا چپہ چپہ منجملہ موصل شہر داعش کے قبضے سے آزاد نہیں ہوجاتا عوامی رضاکار فورس داعش کے خلاف انجام پانے والی کارروائیوں میں شریک ہوتی رہے گی – عراق کی عوامی رضاکارفورس الحشد الشعبی کے ترجمان کریم النوری نے کہا کہ داعش کے خلاف جنگ میں حتمی کامیابی عراقی فوج اور سیکورٹی فورس کے ساتھ عوامی رضاکارفورس کی شرکت سے ہی ممکن ہوسکتی ہے – انہوں نے صوبہ الانبار میں عراق کی مشترکہ فوجی کارروائیوں کے بارے میں بھی کہا کہ الحشد الشعبی نے ہیت شہر کے اہم علاقے المعلمین پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے –