نئی دہلی۔05مارچ،قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر پروفیسرخواجہ محمد اکرام الدین اور کونسل کے دوسرے اراکین کے ساتھ مولانا اسید الحق قادری ازہری کی شہادت پر فروغ اردو بھون میں ایک تعزیتی نشست کا انعقاد کیا گیا۔مرحوم قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے اسلامک پینل کے ایک فعال اور متحرک رکن تھے۔انھوں نے اپنی بصیرت اور بشارت سے پینل میں ایک تحرک پیدا کر دیا تھا۔ وہ خود بھی کئی اہم کتابوں کے مصنف رہے ہیں۔انھوں نے کونسل کے لیے کئی اہم نکات کی نشاندہی کی۔ اسلامک اسٹڈیز پینل کے تحت انسائیکلوپیڈیا کی تیاری میں ان کی خدمات درکار تھیں۔ نئی نسل کے مذہبی اسکالرس کے لیے رول ماڈل کی حیثیت رکھتے تھے۔اس موقعے سے کونسل کے ڈائرکٹر نے انتہائی بھرائی ہوئی آواز میں مرحوم کی شہادت پر تعزیتی تہنیت پیش کی ۔ انھوں نے کہا کہ ان کی شہادت کی خبر نے پوری علمی اور مذہبی دنیا کو آبدیدہ کر دیا ہے۔ان کے سانحہ ارتحال سے علمی اور ادبی دنیا میں ایک خلاواقع ہو گیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ان کی شہادت قوم و ملت کے لیے ایک عظیم خسارہ ہے جس کی بھرپائی ممکن نہیں۔ اپنے تعزیتی پیغام میں انھوں نے سوگوار اہل خانہ کو صبر جمیل اور مرحوم کے لیے جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کے لیے دعا کی۔اس موقعے سے کونسل کے دوسرے اراکین نے بھی رنج و غم کا اظہار کیا۔ڈاکٹر کلیم اللہ،جناب محمد عصیم، جناب شاہنواز خرم،جناب اجمل سعید، جناب فیروز عالم اور ڈاکٹر شاہد اختر نے کہا کہ بالخصوص قومی اردو کونسل کے اسلامک اسٹڈیز کے ایک نایاب رکن کی کمی ہمیشہ رہے گی۔