لکھنؤ۔مولانا آزاد میمو ریل اکیڈمی میں ایک جلسہ جو گیارہ نومبر کو امام الہند مولانا ابو الکلام آزاد کی یوم پیدائش ( قومی یوم تعلیم ) کے موقع پر ہونے والے پروگرام کی تیاری کے سلسلے میں زیر صدارت شارق علوی منعقد ہوا ۔ مولانا آزاد میمو ریل اکیڈمی کے سکریٹری ڈاکٹر عبد القدوس ہاشمی نے جلسہ کو خطاب کر تے ہو ئے کہا کہ امام الہند مولا نا ابوا لکلام آزاد کی ۱۲۶ویں یوم پیدائش ( قومی یوم تعلیم ) جو کہ اب قومی یوم تعلیم کل ہند سطح پر باقاعدہ منعقد کیا جاتا ہے ۔ گزشتہ برسوں کی طرح امسال بھی اکیڈمی مولانا آزاد کی یوم پیدائش کو گیارہ نومبر سے خیرسگالی سال کے طور پر لکھنؤ کے علاوہ مختلف اضلاع میں مولانا آزاد کے مختلف گوشوں اور ان کے کارناموں اور مادر ہند کی تعمیر میں ان کی دی ہو ئی قربانیوں کو اور تعلیمی انقلاب کے ذریعہ ہندوستان کی نو تشکیل میں ان کے کارہائے نمایاں کو عوام الناس تک خصوصا طلباء اور طالبات کو پہنچانے کی غرض سے اکیڈمی سیمینار سیمپوزیم ادبی ،تعلیمی ، اصلاحی ، سماجی ، و ثقافتی و مقابلہ جاتی تقریری مقابلے مشاعرے و کوی سمیلن فوٹو نمائش ،وغیرہ جیسے پروگرام منعقد کر ے گی ۔ تاکہ آج کی نسل اپنے اسلاف کے کارناموں اور جدید ہندوستان کی تعمیر و ترقی میں ان کا کیا رول رہا ہے جان سکے گی ۔ جس کیلئے اکیڈمی اردو ہندی اورانگریزی میں کتابچہ اسکول اور کالجوں میں تقسیم بھی کرائے گی ۔
ڈاکٹر عبد القدوس ہاشمی نے کہا کہ اس سلسلے میں اکیڈمی کی جانب سے ایک روزہ سیمینار مورخہ گیارہ نومبر۲۰۱۴ کو زیر عنوان ’سد بھائونا میں سمبھائونا ‘(خیر سگالی میں امکانات)صبح ساڑھے دس بجے بمقام رائے اومہ ناتھ بلی آڈیٹویم قیصر باغ لکھنؤ میں منعقد کیا جائے گا ۔سیمینا ر میں خصوصی طور سے سابق لو ک آیکت جسٹس سید حیدر عباس رضا، جسٹس کھیم کرن ، سابق ڈی جی پو لیس پر کاش سنگھ ، سابق ڈی جی پو لیس شری رام ارون ، سابق وائس چانسلر لکھنؤ یونیورسٹی پروفیسر روپ ریکھا ورما ، ڈاکٹر مسعود الحسن عثمانی دینی تعلیمی کونسل کے جنرل سکریٹری ، سابق پرنسپل کرامت پی جی کالج ڈاکٹر صبیحہ انور ، پروفیسر رمیش دکشت ، ڈاکٹر ششی کانت پانڈے امبیڈ کر یونیورسٹی ، دنیش پانڈے ، شارق علوی ، مندرجہ بالا عنوان پر اپنے خیالات کا اظہار کریں گے ۔ اکیڈمی کے صدر شارق علوی نے کہا اما م الہند کی یوم پیدائش پر تمام سیاسی و سماجی تعلیمی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کے پہلے وزیر تعلیم کو سچی خراج عقیدت اپنے اپنے اداروں میں پیش کریں ۔ اورا ن کی تعلیمات کو اپنے لئے رہنمائی کا ذریعہ سمجھیں ۔ انہوں نے اتر پردیش حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ محکمہ تعلیم کو ہدایت دے کہ صوبہ کے تمام سرکاری اسکولوں میں گیارہ نومبر کو یوم تعلیم کا انعقاد کرے اور عہد کر ے کہ ملک کا ہر بچہ زیور تعلیم سے آراستہ ہوکر ملک کا مستقبل روشن کر ے گا ۔
انہوںنے کہا کہ اس سلسلے میں سکریٹری کی جانب سے بیسک وزیر تعلیم رام گو وند چودھری و سکنڈری کے وزیر تعلیم محبوب علی کو اس سلسلے میں در خواست دی جاچکی ہے ۔ انہوںنے مرکزی حکومت سے بھی در خواست کی کہ وہ مولانا آزاد کے کارناموں پر مرکزی تعلیمی اداروں کو ہدایت دے کہ وہ مولانا آزاد کی یوم پیدائش کو یوم تعلیم کے طور پر منا ئیں ۔ اکیدمی اس سلسلے میں تمام محبان اردو سے در خواست کر تی ہے کہ وہ مجاہدین آزادی کی تعلیمات کو اپنی زندگی میں مشعل راہ بنائیں ۔ اور ملک کو امن و اتحاد کا گہوار بنا ئیں ۔