لکھنؤ : مجلس علماء ہندکے جنرل سکریٹری امام جمعہ مولانا سیدکلب جواد نقوی نے آج اپنے ایک بیان میں کہاکہ جلد ہی چھوٹے امام باڑے میںحالات حاضرہ پر ایک اہم اور بڑا جلسہ منعقد ہوگا۔اس جلسے میں موجودہ حالات پر گفتگو ہوگی ۔جلسہ کی تاریخ کا اعلان عنقریب کیا جائیگا۔
مولانا نے کہاکہ علماء کو پہلے بھی دعوت دی جاتی رہی ہے اور اس بار بھی انہیں ہر جلسے کے لئے مد عو کیا جائیگا ۔مگر اسکے بعد بھی انکی یہی شکایت رہیگی کہ انہیں مدعو نہیں کیاجاتاہے ۔مولانا نے کہاکہ امام باڑوں کو تفریح گاہ بنانے کی پوری منصوبہ بندی ہوچکی ہے ۔امام باڑے میں گانے کی شوٹنگ ہوئی ،غیر مناسب حالت میں یہاں لڑکے اور لڑکیاں دیکھے جاتے ہیں ،
عبادت گاہوں کا تقدس پامال ہورہاہے ،ہم کسی بھی حال میں یہ برداشت نہیں کرسکتے ہیں ۔ہم صرف یہ چاہتے ہیں کہ امام باڑوں کا تقدس محفوظ رہے ۔مولانا نے مزید کہا کہ اوقاف کی تحریک ہمارا فریضہ ہے جسے ہم انجام دیتے رہیں گے ۔ابھی بھی اوقاف پر ناجائز قبضے جاری ہیں اور پلاٹنگ ہورہی ہے ۔لہذا ہماری تحریک جاری رہیگی ۔
نماز جمعہ کے بعد مولانا سید کلب جواد نقوی نے علماء کے ساتھ وقف سجادیہ عالم نگر کا دورہ کیا ۔مولانا نے وقف سجادیہ عالم نگر کی زمینوں پر ہورہی ناجائز تعمیرات اور ناجائز قبضوں پر سخت اعتراض جتایا۔مولانا نے کہاکہ وقف بورڈ جو مسلسل یہ کہتا آرہاہے کہ وہ وقف کی زمینوں پر ناجائز تعمیرات کے لئے پر عزم ہے اسکے تمام دعوے بے بنیاد اور فرضی ہیں ۔
ابھی بھی اوقا ف پر قبضے جاری ہیں اور ناجائز تعمیرات ہورہی ہیں ۔ہم نے ڈی ایم اور ایس ایس پی سے ملاقات میں بھی یہی کہا تھا کہ اوقاف کی زمینوں پر ہورہے ناجائز قبضوں کو رکوایا جائے مگر اس سلسلے میں کوئی اقدام نہیں کیا جارہاہے ۔