لکھنؤ:شہر کے سب سے بھیڑ بھاڑ والے علاقے امین آباد میں اتوار کی شام مولوی گنج چوکی کے نزدیک کینٹ کے سابق کارپوریٹر شیام نارائن پانڈے کا گولیوں سے بھون کر قتل کردیاگیا۔واردات کو انجام دے کر بھاگ رہے ایک شوٹر کو مقامی لوگوں نے پولیس کی مدد سے پکڑ لیا۔پولیس کو اس کے قبضے سے ایک پستول ملی ہے۔امین آباد علاقے میں اچانک ہونے والی مسلسل فائرنگ سے وہاں افراتفری مچ گئی۔لوگ اپنی جان بچاکر ادھر ادھر بھاگنے لگے۔ایس پی مغرب اجے کمار مشرانے بتایاکہ کینٹ کے صدرعلاقے کے رہنے والے چالیس سالہ شیام نارائن پانڈے کینٹ سے سابق کارپوریٹر تھے۔بتایاجاتاہے کہ اتوارکی شام تقریبا چاربجے وہ اپنی فورڈ فیگوگاڑی سے امین آباد ٹیمپو اسٹینڈ پہنچے۔شیام نارائن پانڈے نے ٹیمپو اسٹینڈ کے پاس اپنی کار کو کھڑاکردیا اورمولوی گنج چوکی کے نزدیک واقع پاکیزہ جوس کارنر پہنچے۔اسی دوران جو س کارنر کے پاس دونوجوان آکر رکے۔ ایک نوجوان نے شیام نارائن پانڈے کی شناخت کرائی اورپھر چپ چاپ وہاں سے چلاگیا۔مذکورہ نوجوان کے جانے کے بعد اس کے دوسرے ساتھی نے پستول نکالی اورشیام نارائن پانڈے پر مسلسل گولیاں چلانے لگا۔مولوی گنج چوکی کے نزدیک اچانک ہونے والی مسلسل فائرنگ سے افراتفری مچ گئی۔لوگ ادھر ادھر بھاگنے لگے اوردکانیں بند ہونے لگی۔شوٹرنے شیام نارائن کو پانچ گولیاں ماریں اوروہاں سے بھا گ نکلا۔اسی دوران چارمقامی لوگوں نے مولوی گنج چوکی انچارج سبھاش کے ساتھ اس کاتعقب کیا۔نشانے باز قریب واقع اندرامارکیٹ کے بیسمنٹ میں گھس گیا۔پولیس اوردیگر لوگوںنے بیسمنٹ میں گھس کر اسے دبوچ لیا۔دوسری طرف خبر پاکر موقع پرپولیس کے اعلیٰ حکام بھی پہنچ گئے۔گولیوں سے زخمی مسٹرپانڈے کو علاج کیلئے ٹراماسینٹر میں داخل کرایاگیاجہاں ڈاکٹرو ںنے ان کو مردہ قراردے دیا۔تفتیش کے دوران ملزم نشانے باز نے اپنانام چنہٹ کے سنیل بتایا۔پولیس پکڑے گئے شوٹر سنیل سے پوچھ گچھ کررہی ہے۔