لکھنؤ(نامہ نگار)کاکوری پولیس نے ایک موٹرسائیکل چور ی کرنے والے موٹرسائیکل میکینک کو گرفتار کیا ہے پولیس نے اس کے قبضے سے چوری کی ۶موٹر سائیکلیں برآمد کی ہیں وہیں ٹھاکر گنج پولیس نے جمعرات کی شب ایک گاڑی چورکو گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضے سے چوری کی ایک موٹرسائیکل برآمد کی ہے موقع سے پکڑے گئے گاڑی چور کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
ایس پی دیہات سومتر یادو نے بتایا کہ جمعرات کی شام کاکوری پولیس نے جانچ کے دوران موٹرسائیکل سوار ایک مشتبہ نوجوان کو پکڑا، شک ہونے پر پولیس نے سختی سے پوچھ گچھ کی تو اس نے بتایا کہ مذکورہ موٹرسائیکل چوری کی ہے۔ ملزم نے اپنا نام کاکوری کے چودھری محلہ کا رہنے والا ذیشان بتایا۔ پولیس نے اس کی نشاندہی پر نہر کے نزدیک جھاڑیوں میں رکھی گئی چوری کی پانچ دیگر موٹرسائیکلیں بھی برآمد کی ہیں۔ انسپکٹر کاکوری مکھ رام یادو کا کہنا ہے کہ ملزم ذیشان موٹرسائیکل میکینک ہے اور موٹرسائیکل چوری کرنے کے بعد وہ اس کو مستری کے پاس رپیرنگ کیلئے چھوڑ دیتا تھا۔ ساتھ ہی موٹرسائیکل کے دونوں پہئے نکال کر فروخت کر دیتا تھا اور پھر موٹر سائیکل کے پارٹس کھول کر کباڑی کے ہاتھ فروخت کر دیتا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم ذیشان نے چوک، علی گنج اور مڑیاؤں علاقہ سے کئی موٹرسائیکلیں چوری کرنے کی بات پولیس کو بتائی ہے۔
وہیں ایس پی مغرب اجے کمار مشرا نے بتایا کہ جمعرات کی شب ٹھاکر گنج پولیس نے رادھا گرام کے نزدیک جانچ کے دوران موٹرسائیکل سوار دو مشتبہ نوجوانوںکو روکنے کی کوشش کی تو ایک نوجوان تو فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا لیکن ایک کو پولیس نے گرفت میں لے لیا۔ سختی سے پوچھ گچھ کرنے پر نوجوان نے بتایا کہ مذکورہ موٹرسائیکل اس نے ۱۴جنوری کو سعادت گنج علاقے سے
چوری کی تھی۔ ملزم نے اپنا نام ٹھاکر گنج کے سجاد باغ کا سلیم اور مفرور ساتھی کا نام محفوظ بتایا ہے۔