لکھنؤ(نامہ نگار)وزیر گنج علاقہ میں دوشنبہ کی دوپہر ایک موٹر گیراج میں ویلڈنگ کے دوران اچانک بس میں آگ لگ گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے خطر ناک رخ اختیار کر لیا اور نزدیک ہی کھڑی اسکول کی بس کو اپنی زد میں لے لیا۔
وزیر گنج کے نبی اللہ روڈ پر رفیع کا موٹرگیراج ہے۔ اس گیراج میں زیادہ تر ویلڈنگ کا کام ہوتا ہے بتایا جاتا ہے کہ دوشنبہ کی دوپہر کچھ ملازم ایک پرائیویٹ بس میں ویلڈنگ کر رہے تھے۔ اس درمیان اچانک ویلڈنگ کے دوران بس میں آگ لگ گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے پوری بس جلنے لگ
ی۔ گیراج میں کام کر رہے ملازم گڈو، شانواور ایک نامعلوم ملازم کسی طرح اپنی جان بچا کر وہاں سے باہر نکلے۔ مقامی لوگوں نے آگ بجھانے کی کوشش کی لیکن آگ سنگین رخ اختیار کر چکی تھی۔ پرائیویٹ بس میں لگی آگ نے نزدیک ہی کھڑی ایک اسکول کی بس کو بھی اپنی زد میں لے لیا۔ اس کے بعد وہاں لگے درخت میں بھی آگ لگ گئی۔ اطلاع ملنے پر وزیر گنج پولیس اور چوک فائر اسٹیشن سے فائر بریگیڈ کی تین گاڑیاں پہنچیں اور نصف گھنٹے کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ آتشزدگی سے دونوں بسیں جل کر پوری طرح راکھ ہو گئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ جس بس میں ویلڈنگ ہو رہی تھی اس میں گیس لیک ہونے سے اچانک آگ لگ گئی۔فی الحال پولیس کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کا سبب پتہ نہیں چل سکا ہے۔