لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ شراب کے نشہ میں گاڑی چلانے والوں کیلئے بیداری مہم کا آغاز کر کے لوگوں کو بیدار کیا جاتا ہے اس کے بعد بھی شراب کے نشہ میں لوگ گاڑی چلاتے ہیں اور اس بات کو ماننے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ سنیچر کی شب شراب کے نشہ میں موٹر سائیکل پرسوار دو نوجوان آئی ٹی کالج کی جانب سے نشاط گنج جا رہے تھے۔ اندرا پل پراچانک موٹر سائیکل بے قابو ہوکر پل کی ریلنگ سے ٹکرا گئی۔ حادثہ میں موٹر سائیکل پر بیٹھا ہوا ایک نوجوان پل سے نیچے گر گیا اور اس کی موت ہو گئی جبکہ موٹر سائیکل چلانے والا شدید طور سے زخمی ہو گیا۔ مہانگر پولیس نے زخمی نوجوان کو ٹراما سینٹر میں داخل کرا دیا ہے۔ انسپکٹر مہا نگر ناگیندر چوبے نے بتایا کہ اعظم گڑھ کا باشندہ سنتوش چودھری (۲۵) اور غازی پور کا باشندہ اعظم (۲۷) گوسائیں گنج واقع ایس ایم ایس کالج میں بی بی اے کی تعلیم حاصل کر رہے تھے۔دونوں ہی گوسائیں گنج کے ارجن گنج علاقہ میں کرائے کے کمرے میں رہتے تھے۔ بتایا جا رہا ہے کہ سنیچر کی رات دونوں موٹر سائیکل سے آئی ٹی کالج سے نشاط گنج کی طرف جا رہے تھے۔ اعظم موٹر سائیکل چلا رہا تھا جبکہ سنتوش پیچھے بیٹھا تھا ۔اسی دوران اندرا پل پر پہنچتے ہی اعظم کی آنکھ میں کچھ پڑ گیا اس نے اچانک موٹر سائیکل میں بریک لگا دی جس کی وجہ سے موٹر سائیکل بے قابو ہوکر ریلنگ سے ٹکرا گئی ۔حادثہ میں پیچھے بیٹھا ہوا سنتوش پل کے نیچے گر گیا۔ کافی اونچائی سے گرنے کی وجہ سے سنتوش کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ اعظم شدید طور سے زخمی ہو گیا۔ اطلاع ملنے کے بعد موقع پرپہنچ کر مہانگر پولیس نے دونوں کو ٹراما سینٹر میں داخل کرایا جہاں سنتوش کو ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا۔