رام پور:اتر پردیش میں ضلع رام پور کے عظیم نگر علاقے میں تیسرے مرحلے کی انتخابی مہم ختم ہونے کے بعد بھی علاقے میں ووٹروں کو راغب کرنے کے دوران پہنچی پولیس پارٹی کو مشتعل بھیڑ کی مخالفت کا سخت سامنا کرنا پڑا۔ پولیس کے مطابق کل شام انتخابی مہم ختم ہونے کے بعد ووٹروں کو راغب کرنے کے لئے سیدنگر بلاک کے احمد آباد گاؤں میں امیدوار اے ۔ علی اپنے حامیوں کے ساتھ گھر گھر مٹھائی اور انڈے تقسیم کر رہے تھے ۔ اطلاع ملنے پر رات گئے جب پولیس موقع پر پہنچی تو امیدوار اور اس کے حامیوں نے ان پر پتھراؤ کر کے انہیں بھگا دیا۔ بھیڑ کو مشتعل دیکھ کر ارد گرد کے تھانوں سے فورس طلب کرکے فسادیوں پر قابو پایا گیا۔ اس سلسلے میں پولیس نے آج امیدوار اے علی اور اس کے حامیوں احمد جان و طالب کو گرفتار کرکے ان پر مقدمہ درج کیا ہے ۔ پولیس نے موقع پر 10کلو گرام مٹھائی، سیکڑوں ابلے ہوئے انڈے ، کرسیاں، خیمے اور دیگر اشیاء قبضے میں لے لیا ہے ۔ پولیس امیدوار کے حامیوں کی بھیڑ کے خلاف مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش کر رہی ہے ۔