بریلی:ہولی کے موقع پر اس سال اترپردیش کے بریلی زون کے چار اضلاع میں لوگوں نے مٹھائی سے زیادہ شراب اور بیئر خریدی۔زون کے بریلی، پیلی بھیت، بدایوں اور شاہ جہاں پور اضلاع میں گزشتہ تین دنوں میں ہی 15 کروڑ روپے سے زیادہ کی مقامی اور انگریزیشراب اور بیئر فروخت ہوئی۔ اس سے شراب کاروباریوں کو مزہ آگیا۔ ہولی کے تہوار پر شراب کی بڑھتی ہوئی مانگ کا اندازہ اس بات سے ہی لگایا جا سکتا ہے کہ شراب کی دکانوں اور ماڈل شاپ پر برانڈیڈ اورزیادہ رائج بیئر ، شراب اور رم کا اسٹاک ختم ہوگیا ہے ۔ شراب دکانیں کل دیر رات تک کھلی رہیں اور مئے کے دیوانوں نے جم کر شراب کی خریداری کی۔ ہولی کے دن آج شام پانچ بجے تک شراب کی تمام دکانیں بند رہیں گی۔
ہولی پر اس بار شراب کی مانگ بڑھنے کے ساتھ مٹھائی کی فروخت میں کمی بھی دیکھی گئی جس سے مٹھائی کاروباری بھی حیرت میں ہیں۔ سول لائنس واقع ایک اہم اور بڑے مٹھائی دکان کے مالک پنکج ماھیشوري نے بتایا کہ انہوں نے پہلی بار ہولی پر ایسا ماحول دیکھا کہ لوگوں کا رجحان میٹھائی کے تئیں کم رہا۔ اس درمیان، آبکاری محکمہ کے ذرائع نے بتایا کہ شام تک تمام شراب، بیئر اور نشہ آور اشیاکی دکانیں ،کلب اور بار بند رہیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہولی پر غیر قانونی اور اسمگلنگ کئے گئے شراب کوروکنے کیلئے چھاپہ ماری مہم جاری ہے ۔ اس دوران بھاری مقدار میں غیر قانونی شراب ضبط کی گئی ہے ۔