لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ مڑیاؤںعلاقہ میں رہنے والی ایک بچی کی مشتبہ حالات میں اس کی بہن نے قتل کرنے کا الزام عائد کیا ہے جبکہ پولیس لڑکی کی موت کو خود کشی کہہ رہی ہے۔ موصولہ خبر کے مطابق مڑیاؤں کے سرورا گاؤں کی رہنے والی ۱۴ سالہ گڑیا کی اچانک طبیعت خراب ہو گئی۔ گڑیا کو ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ جمعرات کو گڑیا کو ابتدائی علاج کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی گئی تھی لیکن کل رات اس کی مشتبہ حالات میں موت ہو گئی ۔اس واقعہ کی اطلاع ملنے کے کچھ دیر کے بعد پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور تفتیش کے بعد گڑیا کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ گڑیا کی بھابی کے مطابق اس نے جراثیم کش دوا پی کر خود کشی کر لی جبکہ اس کی بہن نے زہر دے کر قتل کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ سمن نے بتایا کہ والدین کی موت کے بعد گڑیا بھابی کے پاس رہتی تھی۔ ڈیڑھ سال قبل سمن کے بھائی پپوکی بھی موت ہو گئی تھی۔ مرنے سے قبل اس نے گڑیا و اپنی بیٹی سویتاکے نام پونے دو بیگھا زمین لکھ دی تھی۔ زمین میں گڑیا کا حصہ دیئے جانے سے بھابی خوش نہیں تھی۔ اس سلسلہ میں وہ اکثر گڑیا کی سرزنش کرتی رہتی تھی اور مار پیٹ بھی کرتی تھی۔ اپنی بھابی کی حرکات سے پریشان ہوکر گڑیا اپنی بہن کے گھر چلی جاتی تھی۔ الزام عائد کیاگیا ہے کہ کچھ دن قبل گڑیا کی بھابی نے اس کے ساتھ مار پیٹ کی تھی جس سے ناراض ہوکر وہ بہن کے گھر چلی گئی تھی۔ بدھ کے دن بھی وہ اپنی بھابی کے پاس لوٹ آئی تھی لیکن اچانک مشتبہ حالات میں اس کی طبیعت خراب ہو گئی۔