لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ مڑیاؤں علاقہ میں صرف ۲۱۰ روپئے کے سبب ایک لڑکے کا اس کے ہی دوست نے سر پر اینٹ سے حملہ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔اس معاملہ میں پولیس نے ملزم لڑکے کو حراست میں لے لیا ہے۔
انسپکٹر مڑیاؤں سنتوش سنگھ نے بتایا کہ مڑیاؤں نیو داؤد نگر علاقہ میں مزدور چھٹکے اپنی اہلیہ سنتوشی، چار بیٹوں آزاد، انکت سنگھ، انکر اور کلدیپ کے ساتھ رہتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تیرہ سالہ انکت سنگھ نے پڑوس میں رہنے والے اپنے ایک دوست ۱۴ سالہ لڑکے کو کچھ دن قبل دو سو دس روپئے قرض دیئے تھے اس کے بعد انکت اپنے دوست سے دیئے گئے دو سو دس روپئے کا مطالبہ کر رہا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ سنیچر کی
رات انکت کو اس کا ساتھی قرض میں لئے گئے روپئے واپس کرنے کیلئے بلاکرلے گیا۔ گھر کے نزدیک ایک خالی پلاٹ میں پہنچتے ہی کشور نے انکت کو قرض لی گئی رقم واپس کرنے سے انکار کر دیا اس پر انکت نے کشور کی سائیکل اپنے پاس رکھنے کی بات کہی اور گھر والوں سے شکایت کی بھی بات کہی۔اس بات پر انکت اور اس کے دوست کے درمیان جھگڑا ہو گیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے بات اتنی بڑھ گئی کہ انکت کے ساتھی نے اس کے سر پر اینٹ سے حملہ کردیا۔ سر پر لگی سنگین چوٹ کی وجہ سے انکت کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ اس واردات کے بعد ملزم وہاں سے بھاگ نکلا۔ وہیں انکت جب کافی دیر تک گھر نہیں پہنچا تو کافی دیر تک کنبہ والوں نے اس کی تلاش شروع کی لیکن کچھ پتہ نہیں چل سکا۔ اتوار کی صبح گھر کے نزدیک ایک پلاٹ میں انکت کی لاش پڑی ملی۔ موقع پر پہنچی مڑیاؤں پولیس نے تفتیش کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ اس معاملہ میں مڑیاؤں پولیس نے ملزم کشور کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ اب اس کو نابالغ ہونے کی وجہ سے پولیس اطفال اصلاح ہوم بھیجنے کی بات کہہ رہی ہے۔
ملزم خود ہی پہنچا پولیس کے پاس:- کشور قتل کرنے کے بعد تقریباً ۸ بجے گھر پہنچا کھانا کھایا اور گھر والوں کے ساتھ فلم بھی دیکھی۔ اتوار کو صبح سوکر اٹھا تو اس نے سوچا کہ پکڑے جانے سے قبل ہی پولیس کو بتا دینا چاہئے۔ اس کے بعد ملزم نے خود ہی پولیس بوتھ پر پہنچ کر سپاہی کو اطلاع دے کر بلایا۔ اس کے بعد پولیس کو انکت کے قتل کا پتہ چلا اور پھر پولیس و کنبہ کے لوگ موقع پر پہنچے۔ ملزم نے قتل میں دو اور لڑکوں کے شامل ہونے کی جھوٹی بات پولیس کو بتائی۔ تفتیش اور پوچھ گچھ کے بعد ملزم کا جھوٹ پکڑا گیا۔ انکت کے گھر کے لوگ سنیچر کی دیر رات ملزم کے گھر بھی پہنچے تھے اور اس سے انکت کے بارے میں دریافت کیا تھا لیکن اس وقت اس نے کچھ نہیں بتایا۔ بتایا یہ بھی جاتا ہے کہ ملزم نے ایک سال قبل اپنے ساتھ پڑھنے والے امیش کی انگلی منھ سے کاٹ دی تھی۔