لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ مڑیاؤں پولیس نے گزشتہ شب ڈکیتی کا منصوبہ بنا رہے تین بدمعاشوںکو گرفتار کیا ہے۔ موقع سے تین بدمعاش فرار ہونے میں کامیاب رہے۔ بدمعاشوں کے قبضہ سے ایک طمنچہ اور دو چاقو ملے ہیں۔ سبھی بدمعاش سیتاپور علاقہ کے رہنے والے ہیں اور راجدھانی میں مزدوری کرنے کے ساتھ ہی ڈکیتی و چوری کی واردات انجام دیتے ہیں۔
انسپکٹر مڑیاؤں سنتوش سنگھ نے بتایا کہ گزشتہ شب پولیس نے مخبر کی اطلاع پر ڈگریا گاؤں کے نزدیک آم کے باغ میں موجود بدمعاشوں کو گھیرا۔ پولیس کودیکھتے ہی بدمعاش فرار ہونے کی کوشش کرنے لگے۔ کسی طرح پولیس نے تین بدمعاشوں کو گرفت میں لے لیاجبکہ تین فرار ہونے میں کامیاب رہے۔ تلاشی کے دوران ان کے قبضہ سے ایک طمنچہ اور دو چاقو ملے۔ پوچھ گچھ میں پکڑے گئے بدمعاشوں نے اپنانام سیتا پور کا منا، بانے پاسی، امریش اور مفرور ساتھیوں کا نام لاکھن، وجے پاسی اور رام سنیہی بتایا۔ بدمعاش منا اور بانے پاسی سیتا پور کے کملاپور تھانہ کے ہسٹری شیٹر ہیں۔ انسپکٹر مڑیاؤں نے بتایا کہ بدمعاشوں کے اس گروہ کے کچھ ساتھی راجدھانی میں رہ کر مزدوری کرتے ہیں۔ اس بہانے سے وہ لوگ گھروں کو نشانزد کر کے اپنے ساتھیوں کو بتاتے ہیں۔ اس کے بعد
ان کے ساتھی سیتاپور سے لکھنؤ آکر ڈکیتی و چوری کی واردات کو انجام دے کرسیتاپور لوٹ جاتے ہیں۔