نئی دہلی، ۱۱ فروری (یو این آئی) دہلی کے وزیراعلی اروند کیجرویوال نے آج گیس کی قیمتوں کے خلاف نیا حملہ کرتے ہوئے پیٹرولیم اور قدرتی گیس کے وزیر ویرپاموئیلی ، سابق مرکزی وزیر مرلی دیوڑا اور ریلائنس انڈسٹریز کے سربراہ مکیش امبانی سمیت کئی دیگر پر فوجداری معاملہ درج کرانے کا اعلان کیا ہے۔مسٹر کیجریوال نے پریس کانفرنس میں یہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دہلی حکومت گیس قیمت کے معاملے پر فوجداری معاملہ درج کرائے گی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ریلائنس کے مالک مکیش امبانی نے مسٹر موئلی کے ساتھ ملکر دہلی میں گیس کی قیمتوں کو بڑھانے کی سازش کی ہے۔انہوں نے کہاکہ انسداد بدعنوانی افسر مسٹر موئلی اور مسٹر امبانی کے خلاف ایف آئی آر درج کررہے ہیں ۔ ایف آئی آر رسمی طور پر الزاما ت عائد کرنے کی سمت میں پہلا قدم ہے۔وزیراعلی نے کہا کہ ریلائنس انڈسٹریز کو فائدہ پہونچانے کے لئے مصنوعی کمی پیدا کرکے گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہونے دیا گیا۔
مسٹر کیجریوال نے ریلائنس کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گیس کی مصنوعی قلت پیدا کرکے گیس کی قیمتوں کو ایک ڈالر سے بڑھا کر چارڈالر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمت پیداوار کی لاگت کی بنیاد پر نہیں تھی۔وزیراعلی نے کہا کہ آج ہم نے انسداد بدعنوانی سیل کو سابق وزیر پیٹرولیم مسٹر مرلی دیوڑا کے خلاف فوجداری معاملہ درج کرنے کی ہدایت دی ہے۔ مسٹر موئلی ، اس وقت کے ہائیڈرو کاربن کے ڈائریکٹر جنرل وی کے سبل اور ریلائنس انڈسٹریز کے مالک مکیش امبانی اور دیگر کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کی ہدایت دی ہے۔مسٹر کیجریوال نے کہا کہ یہ ریلائنس ابتدا میں اپنی ٹی پی سی کو 17 سال تک23 ڈالر فی ملین برٹش تھرمل یونٹ گیس سپلائی کرنے کے لئے راضی ہوئی تھی لیکن جس وقت مسٹر دیوڑا وزیر پیٹرولیم تھے ، کے جی 6ڈی بلاک سے گیس کی قیمت 42ڈالر ایم بی ٹی یو طے کی گئی۔
گزشتہ برس جب مسٹر موئلی نے وزارت تیل کی ذمہ داریاں سنبھالی تو مرکزی حکومت عالمی انڈکس کے تحت قیمت طے کرنے پر رضامند ہوئی جس کی وجہ سے اس سال یکم اپریل سے گیس کی قیمتیں دوگنا ہوجائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم کو خط لکھ کر یہ درخواست کریں گے ، جب تک اس معاملے کی انکوائری نہیں کی جاتی ہے گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے احکامات کو التوا میں رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یکم اپریل سے گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تو افراتفری مچ جائے گی کیونکہ اس کا اثر تمام شعبوں پر پڑے گا اور تمام چیزیں مہنگی ہوجائیں گی۔وزیراعلی نے کہا کہ انکوائری ہونے تک قیمتوں میں اضافہ کو موخر رکھنے کے ساتھ ساتھ وہ وزیراعظم سے بھی یہ درخواست کریں گے کہ تمام متعلقہ وزارتوں کو اس معاملے کی انکوائری میں پورا تعاون کرنے کا حکم دیں۔