نئی دہلی، 21 ستمبر (یواین آئی) مہاراشٹر اور ہریانہ میں اسمبلی انتخابات 21 اکتوبر کو اور نتائج کےاعلان 24 اکتوبر کوکئے جائیں گے۔
چیف الیکشن افسر سنیل اروڑہ نے ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس میں یہ اعلان کیا۔ ہریانہ میں 90 اور مہاراشٹر میں 288 نشستوں کے لئے انتخابات کرائے جائیں گے۔ انتخابات کے لئے نوٹیفکیشن 27 ستمبر کو جاری ہوگی۔ انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی دونوں ریاستوں میں انتخابی ضابطہ اخلاق لاگو ہو گئی.
دونوں ریاستوں میں کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ چار اکتوبر ہے اور سات اکتوبر تک نام واپس لئے جا سکیں گے۔ پولنگ 21 اکتوبر کو اور 24 اکتوبر کو ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ انتخابی عمل 27 اکتوبر تک مکمل کر لئے جائیں گے۔
ہریانہ اسمبلی کی مدت 2 نومبر کو جبکہ مہاراشٹر اسمبلی کی مدت 9 نومبر کو ختم ہو رہی ہے۔ الیکشن کمیشن نے انتخابی مہم کے دوران پلاسٹک مواد کا استعمال نہ کرنے اور ماحول دوست مواد استعمال کرنے کی اپیل کی ہے۔ہریانہ میں ایک کروڑ 82 لاکھ اور مہاراشٹر میں آٹھ کروڑ 94 لاکھ رائے دہندگان ہیں۔تمام انتخابات الیکٹرنك ووٹنگ مشین (ای وی ایم) سے کرائے جائیں گے۔