نئی دہلی……شیو سینا کے 11 وزراء نے دلی میں ایک مسلمان کاروزہ تڑوادیا۔ زبردستی چپاتی کھلادی ۔واقعے کے خلاف لوک سبھا میں بھی شدید احتجاج کیا گیا۔بھارتی سیاسی جماعت شیو سنہا نے اپنی روایتی انتہا پسندی کا ایک اور نمونہ پیش کردیا۔مذہبی رواداری کو بالائے طاق رکھتے ہوئے بھارتی مسلمان کا روزہ تڑوادیا۔یہ گھناؤنا کام کرنے والے شیو سینا کے عام کارکن نہیں تھے ، بلکہ چند طاقت ور وزرا تھے جو طاقت کے نشے میں ایسے چور تھے کہ چھوٹی سی بات کو بہانہ بنا لیااور بدسلوکی کا مظاہر ہ کیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق گیارہ وزرا دلی کے مہاراشٹرا سدن کی کینٹین میں آئے اور وہاں مہارشٹرن کھانے کی ڈیمانڈ کی لیکن من پسند کھانا نہ ملا ۔ بس پھر کیا تھا ، پسند کا کھانا نہ ملنے پر وہ آگ بگولہ ہوگئےاورسارا کا سارا غصہ انھوں نے مسلمان کیٹرنگ سپروائزر پر نکالا۔ان وزرا نے ارشد زبیر کو زبردستی روزہ توڑنے پر مجبور کیااوراسے چپاتی کھلادی۔ واقعے کے منظر عام پر آتے ہی ہر طرف شور مچ گیا اور ان وزرا کو آڑے ہاتھوں لیا گیا۔ پر اسے بے شرمی کہیں یا ہٹ دھرمی، سارے کے سارے وزرا اپنے عمل سے مکر گئے،مقامی کمشنر کو واقعے کی اطلاع دی گئی، جس پر انھوں نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔لوک سبھا کے اجلاس میں بھی واقعے کو لے کر پر ہنگامہ آرائی کی
گئی۔