نئی دہلی، 23 نومبر (یو این آئی) کانگریس نے مہاراشٹر میں راتوں رات تبدیل ہوئے واقعات کو سیاسی فریب اور عوامی تائید کے ساتھ دھوکہ قرار دیا ہے۔
کانگریس میڈیا سیل کے سربراہ رنديپ سنگھ سرجےوالا نے آج ٹویٹ کرکے اس واقعہ پر طنز کرتے ہوئے کہاکہ ’’مجھے مت دیکھو یوں روشنی میں لا کر، سیاست ہوں میں، کپڑے نہیں پہنتی‘‘۔ انہوں نے اسے سیاسی دھوکہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ ’’اسے کہتے ہیں: مینڈیٹ سے فریب، جمہوریت کی سپاری‘‘۔
اس سے پہلے کانگریس کے سینئر لیڈر راشد علوی نے کہا تھا کہ مہاراشٹر میں اچانک رونما ہوئے واقعات سیاسی چالاکی اور سیاستدانوں کے فریب کا نتیجہ ہے۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سربراہ شرد پوار کو کانگریس کو دھوکہ دینے سے متعلق سوال پر مسٹر علوی نے کہا کہ یہ سیاستدانوں کی چالاکی ہے کہ وہ اقتدار کے لئے کچھ بھی کر سکتے ہیں۔
انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ مسٹر مودی کے نئے ہندوستان میں اسی طرح کی سیاست ہو رہی ہے۔ ان کو صرف اقتدار چاہئے اور ان کو نظریات سے کوئی سروکار نہیں ہے۔