نئی دہلی:پاکستان کی جانب سے سمندر کے راستے کچھ دہشت گردوں کے گجرات اور پھر وہاں دہلی و دیگر دو بڑے شہروں میں گھسنے کے اندیشہ کے مدنظر وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج یہاں اعلی سطحی میٹنگ کی۔مسٹر سنگھ نے داخلہ سکریٹری راجیو مہاراشی ، خفیہ ایجنسیوں اور وزارت کے سینئر افسران کے ساتھ ملک میں سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ افسران نے وزیر داخلہ کو راجدھانی دہلی کے علاوہ گجرات ممبئی اور دیگر کئی مقامات پر ہائی الرٹ اور اس کے تحت کئے گئے سیکورٹی کے انتظامات کی معلومات فراہم کرائیں۔ میٹنگ میں بتایا گیا ہے کہ گجرات میں قومی سلامتی گارڈز کی چار ٹیمیں مختلف اہم مقامات پر تعینات کی گئی ہیں ۔ خاص طور سے مذہبی مقامات پر سخت پہرے لگایا گیا ہے اور ان کی سخت نگرانی کی جارہی ہے ۔
دہلی پولیس کے مطابق راجدھانی میں کل سے جاری ہائی الرٹ اب بھی قائم ہے اور اسے ہٹایا نہیں گیا ہے ۔ وزارت داخلہ کے ایک سینئر افسر نے کہا کہ ہائی الرٹ کی حالت میں اس طرح بیٹھکیں باقاعدہ سے ہوئی ہیں جن میں صورتحال کا تجزیہ کرنے کے ساتھ ساتھ آئندہ کی حکمت عملی پر غور خوض کیا جاتا ہے ۔
تقریباً دس پاکستانی جنگجووں کے سمندر کے راستہ گجرات میں گھسنے کی خفیہ اطلاع ملنے کے بعد کل پورے ملک میں حفاظتی انتظامات بڑھادیئے گئے تھے ۔ پولیس کے مطابق وہ دہشت گرد شاپنگ مال، ہسپتالوں ، اسکولوں اور کالجوں نیز بھیڑ بھاڑ والے دیگر مقامات کو نشانہ بناسکتے ہیں۔ کچھ میں ہند پاک سرحد کے نزدیک پچھلے تین ماہ کے دوران 5 خالی پاکستانی کشتیاں مل چکی ہیں ۔ آخری کشتی کل ملی تھی ۔ اس بات کا امکان ہے کہ ان کشتیوں میں دہشت گرد آئے ہوں گے ۔