بدایوں، 12 دسمبر (یو این آئی) راشٹریہ پریورتن دل (قومی تبدیلی پارٹی) کے صدر اور سابق ممبر پارلیمنٹ ڈی پی یادو نے کہا ہے کہ انکی پارٹی مہان دل کے ساتھ مل کر اترپردیش کی 40 لوک سبھا سیٹوں پر الیکشن لڑے گی۔ڈی پی یادو نے کل رات اخباری نمائندوں سے کہا کہ انکی پارٹی مہان دل کے ساتھ مل کر چناو لڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ سماجوادی پارٹی (SP) کے جنرل سیکڑی پروفیسر رام گوپال یادو کا چندروز قبل بیان آیا تھا کہ کئی پارٹیوں سے ان کی بات چل رہی ہے اور وہ ڈی پی یادو سے رابطہ میں ہیں۔اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دو سال سے انہوں نے رام پال یادو کی شکل نہیں دیکھی ہے پھر ان کے رابطہ میں وہ کیسے ہوسکتے ہیں۔مسٹر یادو نے یہ تو اعتراف کیا کہ سماجوادی پارٹی کی جانب سے آفر آرہی تھی لیکن اسے قبول کرنا ممکن نہیں ہے۔
ڈی پی یادو نے کہا کہ سماجوادی سرکار اس لئے اقتدار میں آئی تھی کیونکہ مایاوتی سرکا ر سے عوام تنگ آچکے تھے اور اسکو ہٹانا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سماجوادی سرکاری کا تو اور بھی برا حال ہے۔ ریاستی سرکار پر خوشنودی سیاست کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاستی سرکار ہر محاذ پر ناکام رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں مسلسل دھمکیاں دی جارہی ہیں اور دباو بھی ڈالا جارہا ہے ۔ وہ کسی دھمکی سے ڈرنے والے اور ہمت ہارنے والوں میں سے نہیں ہیں۔اسی کے ساتھ مسٹر یادو نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ مل کر چناو لڑنے کی قیاس آرائیوں پر کہا کہ بات چل رہی ہے اور ابھی کچھ واضح نہیں ہے۔