لکھنؤ : صحت بیمہ اسکیم کے تحت پہلے دن اسمارٹ کارڈ بننے کا کام شروع نہیں ہوا۔ کوٹیداروں کے یہاں پہنچے لوگوں کو کارڈ نہ بننے کی اطلاع ملنے پر سب کو واپس جانا پڑا۔ دوسری جانب سی ایم او دفتر کا دعویٰ ہے کہ کارڈ بننے کا کام شروع ہو چکا ہے۔ اسمارٹ کارڈ اسکیم کے نتائج صدفیصد آئیں گے اس بات کا اندیشہ ظاہر کیاجارہا ہے۔محکمہ صحت نے اسمارٹ کارڈ بنانے کا کام نجی تنظیم کے سپرد کر کے اپنا دامن جھاڑ لیا۔ اب ساری ذمہ داری نجی فرم کی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مہم کے پہلے دن کوٹیداروں کے یہاں اسمارٹ کارڈ بنانے والے نمائندے نہیں پہنچے۔ جمعرات کو کارڈ بنانے کا کام ایک دیگر وجہ سے بھی نہیں ہو سکا کیونکہ آج کے دن راشن کی دکانوں میں راشن تقسیم کا بھی کام ہونا تھا۔ جمعرات کو ایک طرف دکانوں پر راشن تقسیم ہوتا رہا اور اسمارٹ کارڈ بنوانے والے مایوس ہو کر چلے گئے۔