بکسر:کانگریس صدر سونیا گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر آج براہ راست حملہ کرتے ہوئے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے دوران مہنگائی کم کرنے کی یقین دہانی کراکر انہوں نے مرکز میں اقتدار تو حاصل کر لی لیکن اب وہ ضروری اشیاء کی قیمتوں پر قابو پانے پر کوئی توجہ نہیں دے رہے ہیں۔ محترمہ گاندھی نے بہار کے بکسر اسمبلی حلقہ سے کانگریس امیدوار سنجے کمار تیواری کے حق میں یہاں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضروری اشیاء کی آسمان چھوتی قیمتوں کی وجہ سے خواتین کو گھر چلانا مشکل ہو رہا ہے لیکن مسٹر مودی کو غریبوں کی آواز اب سنائی نہیں دے رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) حکومت نے ملک کے لوگوں میں جو امید جگائی تھی اسے وہ پورا نہیں کر پا رہی ہے ۔ کانگریس صدر نے کہا کہ مسٹر مودی جب بہار آتے ہیں تو بجلی کی بات کرتے ہیں لیکن وہ گجرات میں 24 گھنٹے بجلی کی فراہمی کا وعدہ پورا نہیں کر پائے تو بہار کے لوگوں سے بجلی سے متعلق وعدے کیا پورا کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی نے اپنے پارلیمانی حلقہ وارانسی کے لئے اعلان کئے گئے وعدوں کو جب پورا نہیں کیا ہے تو وہ بہارکی کیا ترقی کریں گے ۔ وزیر اعظم ملک کے لوگوں سے کئے گئے وعدے نبھانے میں بھی ناکام رہے ہیں، وہ تو صرف اپنے صنعتی دوستوں سے کئے گئے وعدے پورے کر رہے ہیں۔