نئی دہلی (وارتا) مرکزی وزیر مالیات ارون جیٹلی نے لوگوں سے ضروری اشیاء کی قیمتوں میں حال میں ہوئے اضافے سے خوفزدہ نہ ہو نے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ حکومت قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لئے ضرورت پڑنے پر درآمد بڑھاکر بازار میں دستیابی بڑھائے گی۔ مسٹر جیٹلی نے آج یہاں ریاستوں کے وزرائے غذا و رسد کے اجلاس کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کو قابو میں رکھنا حکومت کی ترجیح ہے اور اس کے لئے جو بھی ضروری قدم اٹھانے کی ضرورت ہو گی اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔انھوں نے کہا کہ بازار میں ضرور اجناس کی دستیابی بڑھانے کے لیے اگر ان کے درآمد کرنے کی ضرورت بھی پڑی تو حکومت اس سمت میں قدم اٹھائے گی۔
آلو ، پیاز، ٹماٹر اور دالوں کی گذشتہ ۳ماہ کے دوران قیمتوں میں آئی تیزی کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر جیٹلی نے کہا کہ ان کی قیمت ۱۵سے ۶۸ فیصد بڑھی ہیں۔ آلو اور پیاز کی معقول پیداوار ہوئی ہے لیکن مانسون کے کمزور ہونے اور ملک کے کچھ حصوں میں خشک سالی جیسی صورتحال پیدا ہونے کے اندیشے کی وجہ سے قیمتیں بڑھیں ہیں انھوں نے ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اور اضافے کے امکانات سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ابھی جو سبزیاں ۲۵سے۳۷ روپئے کلو فروخت ہو رہی ہیں اس کے ۱۰۰ روپئے کلو تک جانے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا تھا۔
مسٹر جیٹلی نے آج کہاکہ مانسون کی بارش کم ہونے کے اندیشے سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ ملک میں آلو، پیاز اور اجناس کی کمی نہیں ہونے دی جائے گی۔ انھوںنے کہا کہ ملک میں آلو اور پیاز کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے صر ف اس کی فراہمی بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ مانسون تاخیر سے آیا ہے لیکن اس
سے فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔