مہوبا:اترپردیش کے خشک سالی سے متاثر بندیل کھنڈعلاقے کے مہوبا ضلع میں ایک لاکھ مزدوروں کو مہاتما گاندھی قومی روزگار گارنٹی (منریگا)کے تحت روزگار فراہم کرانے کی ہدایت دی گئی ہے ۔چتر کوٹ دھام علاقے کے کمشنر ایل وینکٹیشور لو نے کہا کہ ضلع کے گرام پنچایتوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ غریبوں اور مزدوروں کو ترجیحی بنیاد پر روزگار فراہم کرائے جائیں تاکہ یہاں سے ان کی منتقلی کو روکا جاسکے ۔اسکے علاوہ بھوکمری کو روکنے کے لئے غریب کنبوں کو 15کلو گیہوں اور 10کلو آلو کی تقسیم کا کام شروع کرایا گیا ہے ۔خشک سالی کے راحت کاموں کا جائزہ لینے آئے کمشنر مسٹر وینکٹیشور نے کبرئی ڈویلپمنٹ یونٹ کے موئی گاؤں میں رات کو آرام کرنے کے دوران یو این آئی کو بتایا کہ ویسے تو بارش نہ ہونے کی وجہ سے پورے بندیل کھنڈ میں حالات ابتر ہیں لیکن مہوبا کی حالت زیادہ ابتر ہے ۔